فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جاری کردہ گرے لسٹ سے باہر نکلنے کے لیے پاکستان اپنے نئے ایکشن پلان کی رپورٹ پیش کرے گا، ڈاکٹر مفتاح اسماعیل

ہفتہ 9 جون 2018 00:30

اسلام آباد ۔ 8 جون (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 9 جون 2018ء) سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے جاری کردہ گرے لسٹ سے باہر نکلنے کے لیے پاکستان اپنے نئے ایکشن پلان کی رپورٹ پیش کرے گا۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فروری 2018ء میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کو اس گرے لسٹ میں شامل کیا گیا اور پھر ہم نے انہیں اس کا موثر جواب بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی 5 سالہ آئینی مدت کے دوران قومی معیشت کے ا ستحکام کے لیے موثر پالیسیاں مرتب کیں اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے ٹھوس اقدامات کی وجہ سے ٹیکس نیٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب ٹیکس دہندگان کو کسی بھی قسم کی مصیبت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ڈالر کرنسی پر چیک اینڈ بیلنس کی پالیسی کو یقینی بنایا جانا چاہیئے۔ دریں اثناء انہوں نے کہا کہ عوام قومی معیشت کو بہتر بنانے سمیت توانائی اور سڑکوں کے متعدد منصوبے شروع کرنے اور ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کے مسائل حل کرنے پر پاکستان مسلم لیگ کو ووٹ دیں گے۔