وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں افتخار حسین ‘ انور حسین اور کاشف کامران کی حوالگی کیلئے برطانیہ کو خط لکھ دیا

برطانیہ کو باہمی تعاون کے معاہدے کی روشنی میں ملزمان کی حوالگی کی درخواست کی گئی ہے

اتوار 10 جون 2018 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 10 جون 2018ء) وزارت داخلہ نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ میں موجود ملزمان افتخار حسین ‘ انور حسین اور کاشف کامران کی حوالگی کے لئے برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے‘برطانیہ کو باہمی تعاون کے معاہدے کی روشنی میں ملزمان کی حوالگی کی درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کی طرف سے وزارت داخلہ کو عمران فاروق قتل کیس میں افتخار حسین‘ انور حسین اور کاشف کامران کی گرفتاریوں کے لئے برطانیہ سے تعاون کے لئے خط لکھا گیا تھا۔ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کی درخواست پر برطانیہ کو مذکورہ تینوں ملزمان کی حوالگی کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ جب تک مذکورہ تینوں ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک عمران فاروق قتل کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

اس لئے افتخار حسین‘ انور حسین اور کاشف کامران کی گرفتاری میں تعاون کیا جائے۔ واضح رہے کہ کاشف کامران سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آچکی ہیں اور وہ برطانیہ میں مقیم نہیں تاہم کاشف کامران کے برطانیہ چھوڑنے کے دستاویزی شواہد بھی نہیں ہیں اس لئے ایف آئی اے نے کاشف کامران کی گرفتاری کے لئے بھی برطانیہ سے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔