نوازشریف سےالیکشن لڑنے سےمعذرت کی تھی،مخدوم جاوید ہاشمی

ابھی تک کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے،11بارایم این اےمنتخب ہواجوریکارڈ ہے، میری پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی، پارٹی کیلئے گھرگھرجا کر ووٹ مانگوں گا۔ملتان میں افطار پارٹی سے خطاب

اتوار 10 جون 2018 20:27

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 10 جون 2018ء): پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق سینئر وفاقی وزیرمخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نوازشریف سے الیکشن لڑنے سے معذرت کی تھی، ابھی تک کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے،11 بار ایم این اے منتخب ہواجو ریکارڈ ہے، میری پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی، پارٹی کیلئے گھر گھر جاکر ووٹ مانگوں گا۔

انہوں نے آج یہاں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت ایک مکمل عمل ہے جس کوجاری رہنا چاہیے۔ میں 11بار ایم این اے منتخب ہوچکا ہوں۔ جوایک ریکارڈ ہے۔میں نے تاحال اپنے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میری پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی میں اس کوپوری نبھانے کی کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران اپنی پارٹی مسلم لیگ ن کیلئے گھر گھر جاکر ووٹ مانگوں گا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں جب دوبارہ شامل ہوا تواعلان کیا تھا کہ اب الیکشن نہیں لڑوں گا۔ میں نے نوازشریف سے الیکشن لڑنے سے معذرت کی تھی۔ جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 150 ٹکٹ ایسے لوگوں کو دیے جوپارٹی میں تھے ہی نہیں۔عمران خان سمجھ جائیں سیاست میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں مقابلہ ہے۔

سروے کے مطابق مسلم لیگ ن آگے ہے جبکہ تحریک انصاف ان سرویز کے تحت پیچھے ہے۔واضح رہے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء جاوید ہاشمی کیخلاف پروپیگنڈا کیا گیا کہ ن لیگ نے جاوید ہاشمی کو شاہ محمود قریشی کے مقابلے میں ٹکٹ دینے کی تیاری کرلی۔جبکہ جاوید ہاشمی شاہ محمود قریشی کیخلاف نہیں بلکہ شجاع آباد سے الیکشن لڑنے کے حامی ہے۔اسی طرح جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ ن سے اپنی میمونہ ہاشمی کیلئے بھی مخصوص نشست کا مطالبہ کردیا ہے۔ دوسری جانب ن لیگ جاوید ہاشمی کو اپنی کی مرضی کے مطابق انتخابی ٹکٹ نہیں دے رہی ہے۔