سعودی عرب میں پاکستانی خاندانوں پر ٹیکس دگنا کردیا گیا

یکم جولائی سے فی فرد ٹیکس کی شرح 100 سے بڑھا کر 200 ریال ماہانہ وصول کی جائیگی،ماہانہ 25600 روپے ادا کرنے ہوں گے ،جولائی 2019 سے 300 ریال ادا کرنے ہونگے ،30ہزار خاندانوں کی واپسی کا امکان ، ترسیلات زر میں بھی کمی کا خدشہ ہے ،تجزیہ کار

پیر 11 جون 2018 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 11 جون 2018ء)سعودی عرب میں مقیم پاکستانی فیملیز کی پریشانی میں مزید اضافہ ہونے والا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ٹیکسز میں دگنا اضافہ ہے ، گزشتہ برس ورکرز کی فیملی کے ہر فرد پر ماہانہ 100 ریال ٹیکس عائد کیا گیا تھا جسے رواں برس جولائی میں 200 ریال تک کر دیا جائیگا،اس کا صاف مطلب ہے کہ اب ہر پاکستانی کو ماہانہ 25 ہزار 600 روپے ادا کرنا ہونگے جبکہ سال 2020 تک ٹیکس کی یہ شرح 51 ہزار 600 روپے ماہانہ تک پہنچ جائیگی، ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے اس اقدام سے 25 سے 30ہزار خاندان سعودی عرب سے واپس پاکستان منتقل ہوسکتے ہیں،پاکستان کو ایک کثیر رقم ترسیلات زر کی مد میں سعودی عرب سے ہرسال موصول ہوتی ہے ،ا سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2017 کے دوران پاکستان کو 19 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئیں جس میں سے 5 ارب 50 کروڑ ڈالر سعودیہ عرب سے وصول ہوئے ، تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب کے حالیہ اقدامات کے باعث کئی فیملیز پاکستان واپس آجائیں گی جس سے ترسیلات زر میں کمی کا خدشہ ہے ۔