امریکی اتحادیوں کے لیے ایک اور دھچکا، جی سیون اجلاس کا منفی اختتام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سمٹ کے مشترکہ اعلامیے کی توثیق کرنے سے انکار کر دیا،سنگاپورروانہ ہوگئے

اتوار 10 جون 2018 16:40

ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 10 جون 2018ء)ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کے کینیڈا میں ہفتے کی رات ختم ہونے والے سربراہی اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سمٹ کے مشترکہ اعلامیے کی توثیق کرنے سے انکار کر دیا، جس سے امریکا اور اس گروپ میں شامل امریکی اتحادی ممالک کے باہمی تعلقات کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی ٹی وی کے مطابق اس پیش رفت کے بعد عالمی سطح پر ایک ممکنہ تجارتی جنگ کے بادل دوبارہ گہرے ہو گئے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں متعدد ممالک سے اسٹیل اور ایلومینیم کی مصنوعات کی درآمد پر اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا، جس پر یورپی یونین سمیت ان ممالک نے بھی اپنی طرف سے جوابی اقدامات کیے تھے۔ یہ معاملہ ان دنوں ایک بڑا سفارتی تنازعہ بنا ہوا ہے۔ جی سیون اجلاس سے روانگی کے بعد ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو پر بد دیانتی اور کمزور ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔