کراچی، سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پاگل آدمی ہیں اور انہیں نفسیاتی ڈاکٹر کی ضرورت ہے، ڈاکٹر عاصم حسین

جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار بھی چوہدری نثار ہیں ، نیب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت

پیر 11 جون 2018 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 11 جون 2018ء)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پاگل آدمی ہیں اور انہیں نفسیاتی ڈاکٹر کی ضرورت ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار بھی چوہدری نثار ہیں۔کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی کتاب میں اگر کچھ غلط ہے تو اس معاملے کو عدالت میں جانا چاہیے اور اس پر جلد فیصلہ ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر عاصم سے صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان اور شہباز شریف کراچی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، کہیں سندھ کے سیاستدانوں کے لیے کوئی خطرہ تو نہیں جس پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ نہیں خطرہ کس بات کا، ہمیں تو اپنے اعمالوں کی سزا مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان سے مزید سوال کیا گیا کہ کیا چوہدری نثار کے معاملے پر شریف برادران میں اختلاف پایا جاتا ہی جس کے جواب میں ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار پاگل آدمی ہے، انہیں نفسیاتی ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار چوہدری نثار ہیں، ان کا دعویٰ تھا کہ چوہدری نثار نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو غلط مشورے دیئے۔ایم کیو ایم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ لوگ خود اس جماعت کا انتخاب، 2018 کے الیکشن میں کریں گے۔اس سے قبل احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 462 ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر ڈاکٹر عاصم حسین اور شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گواہ شاہد مسعود اور زاہد حسین اسلام آباد سے نہیں آسکے ہیں۔بعد ازاں نیب کے گواہوں کی عدم حاضری کے باعث احتساب عدالت کی کارروائی نہ ہو سکی اور کیس کی سماعت 12 جون تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔#