دُبئی:’مبارک ہو آپ کا انعام نِکلا ہے‘

فون کالز کے ذریعے سادہ لوح افراد کو لوٹنے والے 33افراد گرفتار

پیر 11 جون 2018 13:54

دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 11 جون 2018ء)دُبئی پولیس نے شہریوں کو انعامی رقم نکلنے کا جھانسہ دے کر اُن سے رقم منگوانے والے 33فراڈیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان موبائل فون کمپنیوں کے نمائندے بن کر لوگوں سے رابطہ کر کے کہتے کہ کمپنی کی جانب سے کی گئی قرعہ اندازی میں اُن کا انعام نِکلا ہے‘ یہ انعام حاصل کرنے کے لیے اتنے روپیے جمع کروانے ہوں گے۔

شہریوں کے ساتھ ان وارداتوں میں بڑھتے ہوئے اضافے کے باعث پولیس کی جانب سے دیرہ اور امارات کی ایک اور ریاست میں آپریشن کر کے 33 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ یہ لوگ ہزاروں افراد کو کالز کر کے اُنہیں انعام کی خوش خبری سُنا کر بدلے میں رقم ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر سعید حمد بن سلیمان‘ ڈائریکٹر الرشیدیہ پولیس سٹیشن نے بتایا کہ اُنہیں اطلاعات مِلی تھیں کہ نوسر بازوں کا ایک گروہ دیرہ کے ایک اپارٹمنٹ سے اس قسم کی مذموم کارروائیوں میں ملوث ہے۔

جس پر انہیں گرفتار کیا گیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ملزمان دیرہ کے ایک اپارٹمنٹ میں طویل عرصے سے رہائش پذیر تھے۔ ہم نے اس اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کر 14 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کر لیا ۔ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں سم کارڈز برآمدہوئے جو مختلف ناموں سے رجسٹرڈ تھے‘ اس کے علاوہ 70کے قریب موبائل فونز بھی ضبط کر لیے گئے۔ یہ ملزمان ایک سم سے کچھ لوگوں کو کال کرنے کے بعد اُسے ضائع کر دیتے تاکہ پولیس اُن کا سُراغ نہ لگا سکے۔

ملزمان لوگوں کو کال کر کے کہتے کہ آپ کا دو لاکھ اماراتی درہم کا انعام نکلا ہے‘ اس انعام کے حصول کے لیے مطلوبہ رقم بھیج دیں۔ بدقسمتی سے‘ کئی لوگ ان کے اس فراڈ کا نشانہ بن گئے۔‘‘بریگیڈیر بن سلیمان نے بتایا کہ پولیس نے اس سال مارچ 2018ء تک الرشیدیہ کے علاقے میں 12ایسے کیس درج کیے تھے جن میں معصوم لوگ ان فراڈز پرمبنی کالز کے بہکاوے میں آ کر مجموعی طور پر سات لاکھ اسّی ہزار اماراتی درہم کی رقم سے محروم کر دیئے گئے تھے۔

جبکہ 2017ء میں الرشیدیہ پولیس سٹیشن میں اس نوعیت کے 11کیسز درج ہوئے تھے جن میں لوگ دو لاکھ دو ہزار اماراتی درہم کی رقم سے محروم ہو گئے۔ اس کے علاوہ ایک اور اماراتی ریاست میں کارروائی کی دوران 19 ایشیائی ملزمان گرفتار کیے گئے جو ایک مکان میں رہائش پذیر تھے۔ ان کے قبضے سے فون اور سِم کارڈز برآمد ہوئے‘ مگر رقم اس لیے نہ پکڑی جا سکی کیونکہ وہ اسے پہلے ہی مُلک سے باہر بھجوا چکے ہیں۔ بریگیڈیر بن سلمان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ فراڈ پر مبنی ایسی کالز کی اطلاع فوراً 911کی ہیلپ لائن پر دیں تاکہ اس دھوکا دہی میں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے اُنہیں گرفتار کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :