چین کا ایرانی جوہری معاہدے کی سپورٹ جاری رکھنے کا اعلان

امید ہے چین سمیت عالمی برادری معاملے سے نمٹنے میں مثبت کردار ادا کرے گی،ایرانی صدرکی چینی ہم منصب سے گفتگو

پیر 11 جون 2018 16:48

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 11 جون 2018ء)چین کے صدر شی چنگ پینگ نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کو باور کرایا ہے کہ ان کا ملک 2015ء میں ایران اور بڑے ممالک کے درمیان طے پائے جانے والے جوہری معاہدے کی سپورٹ جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ ماہ مذکورہ معاہدے سے علاحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں سربراہوں نے چنگڈاؤ شہر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات میں بات چیت کی۔

ایجنسی نے چینی صدر کے حوالے سے بتایا کہ یہ جوہری معاہدہ جس کے تحت ایران پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی پابندیوں کو اٹھا لیے جانے کے مقابل اپنی جوہری سرگرمیوں پر روک لگائے، یہ معاہدہ کثتر مفادات کے لیے اہم نتیجہ شمار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایجنسی کے مطابق اس موقع پر روحانی کا کہنا تھا کہ ایران عالمی برادری سے جس میں چین بھی شامل ہے توقع رکھتا ہے کہ وہ اس معاملے سے نمٹنے میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

سال 2015ء میں طے پائے جانے والے جوہری معاہدے پر امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے علاوہ روس اور چین نے بھی دستخط کیے تھے۔ امریکا کے معاہدے سے علاحدہ ہو جانے کے بعد اب تہران اپنی معیشت کو بچانے کے لیے معاہدے پر دستخط کرنے والے بقیہ ممالک کی سپورٹ کے حصول کے واسطے کوشاں ہے۔ ان ممالک میں روس اور چین بھی شامل ہیں جو ایرانی تیل کے بڑے خریدار ہیں