دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں بہتری،تربیلا چوتھے توسیعی منصوبہ کے پہلے یونٹ نے 8جون سے بجلی کی پیداوارشروع کر دی

پیر 11 جون 2018 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 11 جون 2018ء)دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں بہتری اورپانی کی دستیابی کے بعد تربیلا چوتھے توسیعی منصوبہ کے پہلے یونٹ نے 8جون سے بجلی کی پیداوارشروع کر دی ہے ۔یہ یونٹ اپنے ریلائی ایبلٹی پیریڈ سے گذر رہا ہے اور نیشنل گرڈ کواوسطاً 335 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے۔ مذکورہ یونٹ کو بتدریج اِس کی پوری پیداواری صلاحیت یعنی 470میگاواٹ پر لے جایا جائے گا۔

منصوبے کا پہلا یونٹ اپریل میں مکمل ہوا تھا، تاہم رواں سال دریائے سندھ میں پانی کا بہائو کافی کم رہا اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث اِس یونٹ سے بجلی کی پیداوار شروع نہیں ہوسکی تھی تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دوسرے یونٹ کی بھی تین روز قبل ویٹ کمیشننگ شروع کی جاچکی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ یونٹ جولائی کے پہلے ہفتہ میں ریلائی ایبلٹی پیریڈ کے مرحلہ میں داخل ہو جائے گا یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے تحت تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر4پر بجلی پیدا کرنے کے لئے 3 یونٹ نصب کئے گئے ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت470میگاواٹ ہے ۔

تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ واپڈا کے کم لاگت بجلی پیدا کرنے کی حکمت ِ عملی کا حصہ ہے ، جس سے ملک میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے اور قومی نظام میں پن بجلی کا تناسب بہتر بنانے میں مدد ملے گی تاکہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام لاکر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت میں ایک ہزار 410 میگاواٹ اضافہ ہوگا اور یہ 3 ہزار 478 میگاواٹ سے بڑھ 4 ہزار 888 میگاواٹ ہو جائے گی ۔منصوبے سے ہر سال 3 ارب 84 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی ۔ منصوبے سے سالانہ تقریباً 30 ارب روپے کی آمدنی ہوگی اور یہ صرف 3 سال کی قلیل مدت میں اپنی تعمیر پر آنے والی لاگت پوری کردے گا ۔عباس شاہد

متعلقہ عنوان :