بنوں سے عمران خان کے مقابل آنے والی 100 سالہ خاتون کے کاغذات نامزدگی واپس

100 سالہ خاتون امیدوار کے کاغذات نامزدگی رقم نہ ہونے کے باعث واپس ہوگئے

منگل 12 جون 2018 23:44

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 12 جون 2018ء):بنوں سے عمران خان کے مقابل آنے والی 100 سالہ خاتون کے کاغذات نامزدگی واپس کر دئیے گئے۔ 100 سالہ خاتون امیدوار کے کاغذات نامزدگی رقم نہ ہونے کے باعث واپس ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق سال 2018 پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی سال ہے۔تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 جمہوری حکومتیں اپنے اپنے آئینی ادوار مکمل کر کے رخصت ہو چکی ہے۔

2018 انتخابات کا سال ہے۔ایک جانب ملکی اداروں نے انتخابات کی تیاری شروع کر رکھی ہے تو دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔کاغذات نامزدگی جمع کروانےکا سلسلہ بھی کل مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد کاغذوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

بنوں میں آج عمران خان کے مقابل کھڑی ہونے والی 100 سالہ خاتون کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے کاغذات نامزدگی انہیں واپس کر دئیے گئے۔

کاغذات نامزدگی واپس کرنے کی وجہ یہ نکلی کے بزرگ خاتون کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے مطلوبہ رقم موجود نہ تھی۔خاتون کے پاس فیس جمع کرانے کے لیے 30 ہزار روپے کے بجائے صرف 3 ہزار روپے تھے۔ کاغذات واپس ہونے کے بعد اب وہ انتخاب لڑنے کی اہلیت سے محروم ہوگئیں۔اس حوالے سے اہم ترین بات یہ ہے کہ بنوں کی یہ 100 سالہ بزرگ خاتون پہلے بھی 5 بار الیکشن لر چکی ہیں اور آزاد حیثیت سے سیاسی پہچان رکھتی ہیں ۔

اس مرتبہ وہ دوبارہ الیکشن لڑنے کی خواہش مند تھیں لیکن مطلوبہ رقم نہ ہونے کے باعث وہ اپنی اس خواہش کو پورا کر سکیں۔اس مرتبہ ان کے الیکشن لڑنے کی خاص بات یہ تھی اگر وہ الیکشن کے لیے سامنے آتیں تو وہ پاکستانی تاریخ کی سب سے بزرگ ترین انتخابی امیدوار ہوتیں اور انکا مقابلہ بھی کسی عام شخصیت سے نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ہوتا۔حضرت بی بی اس بار انتخاب جیت کر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھیں۔