دبئی میں نجی کمپنی نے ہوم چیک ان سروس متعارف کرا دی

دبئی ایئرپورٹ سے سفر کرنیوالے مسافر اپنے گھر اور ہوٹل پر ہی چیک ان کی سہولت حاصل کر سکیں گے ،وہیں بورڈنگ پاس بھی دیا جائیگا

منگل 12 جون 2018 19:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 12 جون 2018ء) دبئی کی ایک نجی کمپنی نے مسافروں کو گھر اور ہوٹل سے چیک ان سروس کی سہولت متعارف کرا دی ہے،اس سہولت کے ذریعے دبئی ایئرپورٹ سے سفر کرنیوالے مسافر اپنے گھر اور ہوٹل پر ہی چیک ان کی سہولت حاصل کر سکیں گے اور انہیں وہیں بورڈنگ پاس بھی دے دیا جائے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دناتا کی جانب سے ڈبز نامی بیگیج ٹیکنالوجی اینڈ لاجسٹک کمپنی کے ذریعے یہ سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔

ڈبز کی جانب سے 2016 میں پہلی بار دبئی سے سفر کرنیوالے مسافروں کیلئے یہ سروس متعارف کرائی گئی تھی یعنی مسافروں کی فلائٹ سے قبل ان کا سامان ان کے گھروں یا ہوٹل سے وصول کیا جاتا اور پرواز کی آمد کے بعد مسافروں کا سامان ان کے گھر یا ہوٹل تک پہنچایا جاتا۔

(جاری ہے)

24 گھنٹے دستیاب رہنے والی سروس کو آن لائن www.dubz.com سے بک کیا جا سکتا ہے۔ڈویژنل سینئر نائب صدر یو اے ای ایئرپورٹ آپریشنز دناتا اسٹیو ایلن نے اس حوالے سے کہاہے کہ ہماری کوشش ہوتی ہے مسافروں کے تجربات کے ذریعے سے دناتا کی سروس میں بہتری پیدا کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبز نت نئے تجربات کے ذریعے مسافروں کی سہولت کیلئے انہیں گھروں اور ہوٹلوں پر چیک ان کی سہولت فراہم کر رہی ہے جس سے نا صرف اٴْن کا وقت بچے گا بلکہ انہیں ذہنی تسکین بھی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں کامیابی کے بعد ہم دناتا کی سروس کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے پرامید ہیں۔