پی ٹی آئی نے وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا

انتخابات کی صحت و ساکھ کیلئے کمیشن وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ/ہوم سیکرٹریز کے فوری تبادلوں کیلئے کارروائی کرے،انتظامی، عدالتی اور ادارہ جاتی نظام کو نون لیگ کی متعارف کردہ آلائشوں سے پاک کئے بغیر ساکھ کے حامل انتخابات ممکن نہیں، الیکشن کمیشن نادرا سے حساس معلومات کی چوری کا بھی فوری نوٹس لے،ہے، پی ٹی آئی کا خط

بدھ 13 جون 2018 17:56

اسلام آباد: (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 13 جون 2018ء)پی ٹی آئی نے وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے،خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی صحت و ساکھ کیلئے کمیشن وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ/ہوم سیکرٹریز کے فوری تبادلوں کیلئے کارروائی کرے،انتظامی، عدالتی اور ادارہ جاتی نظام کو نون لیگ کی متعارف کردہ آلائشوں سے پاک کئے بغیر ساکھ کے حامل انتخابات ممکن نہیں، الیکشن کمیشن نادرا سے حساس معلومات کی چوری کا بھی فوری نوٹس لے۔

بدھ کو تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔خط مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے تحریر کیا ہے۔ انہوں نے خط میں وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کے مطالبات پیش کییہیں۔

(جاری ہے)

انہوں خط میں کہا ہے کہ غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بنیادی فریضہ ہے۔

تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت اور عوام کی منشاء کی علمبردار ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ سلطانئی جمہور کیلئے مؤثر اور فوری انتظامات ناگزیر ہیں۔انتخابات کے انعقاد کے دیگر لوازمات سے کہیں بڑھ کر لازم ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے والی مشینری (نوکر شاہی) کی تطہیر کرے۔ تحریک انصاف کی جانب سے نشاندہی کے بعد چاروں چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے تبادلوں کا فیصلہ قابل قدر ہے۔

تاہم محض یہ تبادلے ہی انتخابات کی بے داغ شفافیت کیلئے کافی نہیں۔انتخابات کی صحت و ساکھ کیلئے کمیشن وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ/ہوم سیکرٹریز کے فوری تبادلوں کیلئے کارروائی کرے۔ عمدہ ترین ساکھ، تجربے اور پیشہ وارانہ مہارت کے حامل افسران لگائے جائیں۔اسکے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان نادرا سے حساس معلومات کی چوری کا بھی فوری نوٹس لے۔

کمیشن سابق وفاقی وزیر داخلہ کے معتمد خاص برگیڈئیر صدیق کے نادرا میں متعین "کاظم" نامی صاحبزادے کے اس میں کردار کی پڑتال کریً۔کمیشن چیئرمین نادراکو منصب سے الگ کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے۔ الیکشن کمیشن سابق حکومت اور بعض حکومتی اداروں کے سربراہان کے مابین تشویشناک گٹھ جوڑ کا بھی سراغ لگائے۔انتظامی، عدالتی اور ادارہ جاتی نظام کو نون لیگ کی متعارف کردہ آلائشوں سے پاک کئے بغیر ساکھ کے حامل انتخابات ممکن نہیں۔ان آلائشوں سے وطن عزیز پر چھائے بحرانوں کے بادل چھٹنے کی بجائے مزید گہرے ہوں گے۔