پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بحال ،ْ پاسپورٹ کی بحالی پر غور

جمعرات 14 جون 2018 17:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 14 جون 2018ء)وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بحال کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت کررہی ہے جس نے ان کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا حکم بھی دے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

سابق صدر کے کاغذات نامزدگی سے متعلق سپریم کورٹ بھی کیس کی سماعت کررہی ہے اور عدالت عظمیٰ کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود پرویز مشرف پیش نہیں ہوئے۔

پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل آنا چاہتے ہیں تاہم شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہونے کی وجہ سے نہیں آسکتے۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بحال کردیاہے اور ان کے پاسپورٹ کی بحالی سے متعلق بھی غور شروع کر دیا ہے ۔