عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ 29جون تک جمع کروا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کا اعلان

جمعرات 14 جون 2018 18:07

اسلام آبا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 14 جون 2018ء)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروںکے لئے جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے لئے 29جون کی ڈیڈلائن مقرر کر دی ، امیدوار دفتری اوقات میں متعلقہ ریٹرننگ افسرکے پاس سرٹیفکیٹ جمع کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ امیدواران جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کریں تاہم اگر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت کسی بھی وجہ سے جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ منسلک نہیں کیا جا سکا تو یہ سرٹیفکیٹ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی تاریخ سے پہلے متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کراوایا جا سکتا ہے اس ضمن میں ریٹرننگ افسران کو تحریری ہدایات بھی جاری کی گئیں تھیں تاہم الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے اطلاعات ملی ہیں کہ امیدواران سے ریٹرننگ افسران دوران سکروٹنی جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ طلب کر رہے ہیں لہذا اس بات کی از سرنو وضاحت کی جاتی ہے کہ امیدواران جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی تاریخ سے پہلے یعنی مورخہ 29جون2018ء تک دفتری اوقات میں متعلقہ ریٹرننگ افسرکے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔