مصر میں عید پر 3 ہزار 747 مجرموں کی سزائیں ختم کرکے انہیں رہا کردیا

جمعہ 15 جون 2018 20:55

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 15 جون 2018ء) مصر نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر ہزاروں قیدیوں کو معافی دیتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کردیا،بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری حکومت نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ہزار 747 مجرموں کی سزائیں ختم کرکے انہیں رہا کردیا، مصر کی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدر عبدالفتح السیسی کی ہدایت پر ان قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے تاکہ وہ عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں۔

(جاری ہے)

عبدالفتح السیسی کے 2014 سے اقتدار میں آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں خصوصا اخوان السلمون سے تعلق رکھنے والے حکومت مخالف مظاہرین کو گرفتار کرکے مختلف مقدمات میں سزائیں دی گئیں جب کہ حالیہ ہفتوں میں صدر السیسی کے 6 سخت ناقدین کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان گرفتاریوں پر سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ ملکی سیاسی تاریخ کے سیاہ ترین ابواب ہیں واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں عبدالفتح السیسی 97 فیصد ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب ہوئے تھے، ان انتخابات میں 41 فیصد ووٹ کاسٹ کیے گئے جب کہ اہم حزب اختلاف کے امیدواروں نے الیکشن سے دست برداری اختیارکرلی تھی۔