سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت تشویشناک

بیگم کلثوم نواز کی طبیعت پھیپھڑے میں خون کا لوتھڑا آنے کے باعث تشویشناک ہوئی۔ ذارئع

جمعہ 15 جون 2018 15:42

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 15 جون 2018ء): سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت تشویشناک ہو گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا آنے کی وجہ سے تشویشناک ہوئی۔ پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا آنے کی وجہ سے دل نے کام کرنا چھوڑ کر دیا۔ کلثوم نواز پلمونری ایمبولیزم کے باعث بے ہوش ہوئیں اور گر گئیں۔

اس حوالے سے پاکستانی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خون کا لوتھڑا پھیپھڑوں میں آنے کی وجہ سے دل کام کرنا بند کردیتا ہے اور اکثردل فیل ہوجاتا ہے۔ کلثوم نواز کی حالت تشویشناک ہونے پر مریم نواز نے والدہ کی صحت کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ۔ ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔

(جاری ہے)

کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیاگیا۔ لندن میں لینڈ کرتے ہی نواز شریف اور مریم نواز سیدھے ہسپتال گئے، جہاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی، جس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز ہسپتال سے روانہ ہوئے۔ روانگی کے وقت مریم نواز آبدیدہ تھیں۔شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔ یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز گذشتہ ایک سال سے کینسر کے عارضے میں مبتلا ہیں۔بیگم کلثوم نواز کی طبیعت خرابی پر ملک کی سیاسی قیادت نے بھی ان کی صحت یابی کی دعا کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔