انڈونیشیا میں 27 فٹ طویل اژدھا خاتون کو زندہ نگل گیا‘علاقے میں خوف وہراس

اژدھے کو پکڑ کر جب اس کا پیٹ چاک کیا گیا تو اس کے پیٹ سے خاتون کی لعاب میں لتھڑی ہوئی مکمل لاش برآمد ہوئی

پیر 18 جون 2018 13:10

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 18 جون 2018ء) انڈونیشیا میں ایک بہت بڑے اژدھے نے ایک خاتون کو زندہ نگل لیا اور اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔27 فٹ طویل اژدھے کو پکڑ کر جب اس کا پیٹ چاک کیا گیا تو اس کے پیٹ سے خاتون کی لعاب میں لتھڑی ہوئی مکمل لاش برآمد ہوئی جس میں ان کے کپڑے بھی نمایاں تھے۔54 سالہ خاتون دو بچوں کی ماں تھی اور جس نے براؤن ساڑھی اور سرخ بلاؤز پہنا ہوا تھا اور اس کے کپڑے بھی پہچاننے میں آرہے تھے۔

واتبا نامی خاتون انڈونیشیا کے علاقے جنوب مشرقی سلاویسی کی رہائشی تھیں جو جمعرات کی رات سے غائب تھی اور اگلی صبح اس کے بیٹوں کو ایک جگہ اس کے چپل ملے۔اس کے بعد جب لوگوں نے اس کی تلاش شروع کی تو قریب ہی ایک اژدھا دیکھا گیا جس کا پیٹ بری طرح پھولا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

یہ منظر دیکھ کر لوگ رونے لگے اور فوری طور پر اژدھے کو مار کر اس کا پیٹ چیرا گیا۔

معدے کے اندر خاتون کی لاش موجود تھی اور اس کا سر سانپ کی دم کی جانب تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اژدھے نے پہلے خاتون کا سر نگلا تھا۔تاہم اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور اژدھے کے اندر خاتون دم توڑ چکی تھی۔ انڈونیشیا کے اس علاقے میں بڑے اژدھے پائے جاتے ہیں جو چھوٹے ممالیوں اور جانوروں کو زندہ نگل لیتے ہیں لیکن کبھی کبھی وہ بچوں اور خواتین کو بھی اپنا نوالہ بناتے ہیں۔