شہید میجر اسحاق کی بیٹی کی والد کے یونیفارم میں تصویر وائرل

شہید میجر اسحاق کی بیٹی نے عید الفطر اپنے بابا کا یونیفارم پہن کر منائی

پیر 18 جون 2018 13:15

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 18 جون 2018ء): گذشتہ برس 22 نومبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کولاچی میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے میجر اسحاق کی بیٹی کی عید الفطر پر تصویر وائرل ہوگئی ، اس تصویر میں میجر اسحاق کی بیٹی کو ان کا آرمی یونیفارم پہنے دیکھا گیا۔ میجر اسحاق کی بیٹی کی تصویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ اس عید الفطر پر ہمیں ان اہل خانہ اور معصوم بچوں کا خیال بھی رکھنا چاہئیے جن کے پیارے دھرتی ماں کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہو گئے اور اپنے ننھے بچوں کو چھوڑ گئے۔

صارفین کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرنا چاہئیے جو دشمن سے لڑ کر ہمیں سکون اور تحفظ فراہم کرتے ہیں ہمیں چاہئیے کہ ہم عید کی خوشیوں میں ایسے بہادر اور جانباز سپاہیوں کے اہل خانہ کو فراموش نہ کریں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ڈی آئی خان میں دوران آپریشن جام شہادت نوش کرنے والے میجر اسحاق کی اہلیہ کی تصاویربھی گذشتہ برس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جنہوں نے ہر آنکھ اشکبارکی اور قوم کو جنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔

جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جام شہادت نوش کرنے والے میجر اسحاق کے اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعائیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر اسحاق شہید ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں سرچ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 28 سالہ میجر اسحاق شہید ہوگئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 28 سالہ شہید میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے ہے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید میجر اسحاق کے جنازے میں شرکت کی جبکہ وزیراعظم سمیت صدر مملکت اور اہم وزراء نے بھی شہید کے درجات کی بلندی اور پاک فوج کی لازوال قربانی کو سراہا ۔