تحریک انصاف کی بانی رہنما فوزیہ قصوری کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے

کراچی سے جنرل (ر) پرویز مشرف اورخواجہ اظہار کے نامزدگی فارم بھی مسترد کردیئے گئے

منگل 19 جون 2018 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء)کراچی الیکشن فارمز کی اسکروٹنی کے آخری روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف ،ایم کیو ایم کے رؤف صدیقی ،محمد حسین خان کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف ، خواجہ اظہار اور پی ٹی آئی کی فوزیہ قصوری کے نامزدگی فارم مسترد کردیئے گئے ہیں ۔

فاروق ستار کے این اے 247سے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ این اے 245سے مسترد کردیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو عام انتخابات 2018کے لیے فارمز کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوگیا ۔ کئی امیدواروں کے فارم منظور جبکہ کئی امیدواروں کے فارم مسترد کردیے گئے ۔

(جاری ہے)

این اے 246 لیاری کی نشست سے بلاول بھٹو زرداری کے فارم اسکروٹنی کے بعد درست منظور کرلیے گئے۔

این اے 243سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کے بعد عمران خان کی جانب سے ان کے وکلانے دو صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا ، وکیل اعتراض کنندہ نے کہا عمران خان نے ڈی این سے انکار کردیا تھا جس پر عمران خان کو بچی کا باپ قرار دیا گیا تھا ، عمران خان بد کار ہیں صادق اور امین نہیں رہے الیکشن لڑنے کا بھی اہل نہیں ہے ۔ ریٹرننگ افسر نے کہا فارم پر عمران خان کے دستخط مختلف ہیں، فارم پر امیدوار کا دستخط نہیں ہے، بار بار مداخلت پر ریٹرنگ آفیسر برہم ہوگئے، آپ لوگ دلائل دیں ورنہ میں اٹھ کر چلا جاوں گا اور ریکارڈ کے مطابق فیصلہ کردوں گا ، بیٹی کے حوالے کئے گئے اعتراضات پر عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا ۔

بعد ازاں ریٹرننگ افسر نے عمرا ن خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ۔ پی ایس 104 سے ایم کیو ایم کے رہنما رئوف صدیقی، ایم کیو ایم کے محمد حسین خان حلقہ 245، ایم ایم اے سے تعلق رکھنے والے اسلم غوری کے پی ایس 106، این ای240 تحریک انصاف کے خان زمان خٹک، این اے 249 سے تحریک انصاف کے فیصل واوڈا، ایم کیو ایم پاکستان کی سمن جعفری این اے 245، این اے 247 سے پیپلز پارٹی کے عبدالعزیز میمن، پی ایس 93 سے پاک سر زمین کے اشفاق منگی، مسلم لیگ ن شہباز شریف کے دونوں حلقوں این اے 249 اور 250، تحریک لبیک پاکستان کراچی پی ایس 106 سے غلام ہاشم نورانی، این اے 246 سے ن لیگ کے سلیم ضیا، این اے 254 اور 255 سے ارشد وہرا،این اے 250 سے پی ٹی آئی کے امید وار سبحان ساحل ،پی ایس 100گلزار ہجری سے مشہور مزاحیہ فنکار علی گل ملاح سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار کے این اے 245 سے فارم مسترد کردیے گئے ایس ایس پی نے رپورٹ میں بتایا کہ فاروق ستار کیخلاف 2 مقدمات درج ہیں جس میں وہ مفرور قرار دیے گئے، ایم کیو ایم کے خواجہ اظہارالحسن کے این اے 242 کے ریٹرننگ افسر نے کاغذات مسترد کردیے۔خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ این اے 243 کے بجائے این اے 242 انسانی غلطی کے باعث ڈالا اسی لئے فارم مسترد ہوئے، این اے 247 سے سابق صدر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے۔

کرمنل ریکارڈ ظاہر نہ کرنے پر این اے 251 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد آصف کے کاغزات نامزدگی بھی مسترد کردیے گئے دوہری شہریت رکھنے کے الزام میں این اے 246 سے حبیب جان کے کاغذات نامزدگی مسترد قرار دے دیے گئے۔نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو کے کاغزات نامزدگی مسترد کردیے گئے، اسد اللہ بھٹو ایم ایم اے کے این اے 242 سے امیدوار ہیں،اسد اللہ بھٹو بینک ڈیفالٹر کی لسٹ میں شامل تھے، حلقہ این اے 244 سے پیپلز پارٹی کے کرنل (ر) اسد عالم نیازی کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے، امیدوار بینک ڈیفالٹر ہیں۔

فارم مسترد ہونے والے امیدواروں نے ٹریبونل کورٹ سے بھی رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔الیکشن کمیشن کی اب تک فراہم کردہ معلومات کے مطابق پی ایس ایک سو پانچ پر انتالیس جبکہ این اے دو سو سنتالیس سے سینتیس امیدواروں کے کاغذات درست قرار پائے ہیں۔