دوسروں کے اقاموں پر شور مچانے والی تحریک انصاف کے اپنے اقامے سامنے آنے لگے

عائشہ نذیر جٹ کا سعودی عرب کا اقامہ نکل آیا،انکے والد نذیر جٹ کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہو چکے ہیں

منگل 19 جون 2018 19:28

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء):دوسروں کے اقاموں پر شور مچانے والی تحریک انصاف کے اپنے اقامے سامنے آنے لگے۔پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور این اے 162سے قومی اسمبلی کی امیدوار عائشہ نذیر جٹ کا سعودی عرب کا اقامہ نکل آیا،انکے والد نذیر جٹ کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سال 2018 پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی سال ہے۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 جمہوری حکومتیں اپنے اپنے آئینی ادوار مکمل کر کے رخصت ہو چکی ہے۔2018 انتخابات کا سال ہے۔ایک جانب ملکی اداروں نے انتخابات کی تیاری شروع کر رکھی ہے تو دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔کاغذات نامزدگی جمع کروانےکا سلسلہ بھی کل مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد کاغذوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بڑی بڑی وکٹیں اڑنے کی امید ہے اس حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بہت سے بڑے بڑے سیاسی نام اس مرحلے پر مشکل میں پڑ سکتے ہیں اور انکے کاغذات نامزدگی مسترد ہو سکتے ہیں۔اسی ضمن میں ریٹرننگ افسران عمران خان اور چوہدری نثار کو بھی طلب کر چکے ہیں۔کاغذات نامزدگی کے اس جانچ پڑتال کے اہم موقع پر بڑی بڑی قلابازیاں بھی سامنے آرہی ہیں۔

آرٹیکل 63,62 کی زد میں آنے سے بچنے کے لیے سیاسی رہنماوں کو کاغذات نامزدگی میں وہ چیزیں بھی سامنے لانی پڑ رہی ہیں جو انہوں نے عرصے سے چھپائی ہوئیں تھیں۔ان میں سے ہی ایک عائشہ نذیر جٹ بھی ہیں جنہوں نے اپنا اقامہ چھپایا ہوا تھا تاہم اب کے کاغذات نامزدگی میں عائشہ نذیر جٹ کا اقامہ نکل آیا ہے۔عائشہ نذیر جٹ کو این اے 162 وہاڑی سے ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔عائشہ نذیر جٹ کے والد اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نذیر جٹ کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کئیے جا چکے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے نذیر جٹ کو پی پی 229 کا ٹکٹ جاری کیا تھا۔نذیر احمد جٹ کو 2010 میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔انکو جعلی ڈگری کیس میں نااہل کیا گیا تھا۔