جاپان، 6.1شدت کا زلزلہ، 3افراد ہلاک، 100سے زائد زخمی

ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، پانی کی لائنیں ٹوٹ گئیں، گھروں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا

پیر 18 جون 2018 15:50

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 18 جون 2018ء)جاپان میں 6.1شدت کے زلزلے سے 3افراد ہلاک جب کہ 100سے زائد زخمی ہوگئے،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، پانی کی لائنیں ٹوٹ گئیں اور گھروں کو آگ کے شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے مشرقی شہر اوساکا میں 6.1 شدت کے کا زلزلہ آیا ہے۔جس کے نتیجے میں 3افراد ہلاک ہوئے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق زلزلے کے باعث لوگ گھروں اور عمارتوں سے نکل کر کھلی جگہوں پر آگئے جبکہ شہر اوساکا میں پانی کی لائنیں ٹوٹ گئیں اور گھروں کو آگ کے شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھاکہ حکومت نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے لیکن ہماری پہلی ترجیح شہریوں کی حفاظت ہے۔

(جاری ہے)

جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت6.1 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز جاپان کا شمالی علاقہ تھا۔

زلزلے کے بعد جاپان کی بلٹ ٹرین، سب وے اور ریل سروس کو معطل کر دیا گیا ہے جب کے حکومتی حکام نے زلزلے کے آفٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے جس کے لیے متاثرہ علاقوں سے خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔