آشیانہ ہائو سنگ کیس‘ احتساب عدالت نے احد چیمہ کو 90 اور شاہد شفیق کو 87 روزہ ریمانڈ کے بعد جیل بھیج دیا

منگل 19 جون 2018 12:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ اور شاہد شفیق جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب نے لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈی جی احد چیمہ اور بسم اللہ کنسٹریشن کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔

نیب نے احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے روبرو موقف اپنایا کہ احمد چیمہ کو 21 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا اور ملزم شاہد شفیق کو پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی انکوائری میں تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزم شاہد شفیق کی ملکیت بسم اللہ انجینئرنگ سروسز اور پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی ہے۔

(جاری ہے)

نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی نے 20جنوری 2015کو معاہدہ کیا،16 ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے 61 کروڑ روپے جمع کرائے لیکن 3 سال گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔

نیب حکام نے بتایا کہ احد چیمہ نے 14 ارب روپے کے منصوبے کا ٹھیکہ لاہور کاسا کمپنی کو دیا، کاسا اور بسم اللہ انجینئرنگ سروسز، سپارکر اور چائنا گروپ کا جوائنٹ وینچر ہے، کمپنیوں کو 15 کروڑ روپے سے زائد رقم کا معاہدہ دیا جانا غیر قانونی ہے، کمپنیوں کی نااہلی سے حکومت کو 64 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، بسم اللہ انجنیئرنگ سروسز، پیراگون سٹی کی ملکیت ہے۔احتساب عدالت نے نیب کے دلائل سننے کے بعد احد چیمہ کو 90 روزہ جسمانی ریمانڈ اور شاہد شفیق کو 87 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔