نگراں وزیر اعظم سے وزیراعلیٰ اور گورنرسندھ کاعام انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کیلئے موزوں سیکیورٹی صورتحال اور آزادانہ ، منصفانہ ، شفاف ، غیر جانبدارانہ انتخابی عمل ہر صورت یقینی بنانے کا عزم

سیاسی سرگرمیوں کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے پربھی اتفاق آئندہ عام انتخابات ہماری سیاسی تاریخ کا اہم ترین موڑ ثابت ہوں گے ،عوامی ترجیحات کے مطابق حکومت کی تشکیل اور اقتدار کی منتقلی جمہوری روایات کے تحت یقینی بنائی جائے گی نگراں حکومت انتخابی عمل ، انتظامی معاملات کو خوش اسلوبی سے چلانے اور جمہوری روایات کے مطابق نئی حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے، نا صر الملک کی گفتگو

بدھ 20 جون 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 20 جون 2018ء)کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) نگراں وزیر اعظم جسٹس ( ریٹائرڈ) نا صر الملک سے گورنرسندھ محمد زبیر نے بدھ کو گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو صاف، شفاف اور منصفانہ بنانے کے اقدامات،صوبہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے لئے یکساں مواقعوں کی فراہمی،پولنگ والے دن امن و امان کو یقینی بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نگراں وزیر اعلی سندھ فضل الرحمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شمولیت کے لئے موزوں سیکیورٹی کی صورتحال اور آزادانہ ، منصفانہ ، شفاف ، غیر جانبدارانہ انتخابی عمل کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ سیاسی سرگرمیوں کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ کسی بھی کسی کے نا خوشگوار واقعہ سے محفوظ رہا جا سکے، با الخصوص ملک کے معاشی حب کراچی میں ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

اس موقع پر نگراں وزیر اعظم جسٹس ( ریٹائرڈ ) ناصر الملک نے کہا کہ آئندہ انتخابات ہماری سیاسی تاریخ کا اہم ترین موڑ ثابت ہوں گے ،عوامی ترجیحات کے مطابق حکومت کی تشکیل اور اقتدار کی منتقلی جمہوری روایات کے تحت یقینی بنائی جائے گی اس ضمن میں نگراں حکومت انتخابی عمل ، انتظامی معاملات کو خوش اسلوبی سے چلانے اور جمہوری روایات کے مطابق نئی حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ یہ انتخابات ہماری مزید معاشی ترقی و خوشحالی کی سمت متعین کریں گے ، عوام کو چاہئے کہ وہ ملک کے وسیع تر مفاد میں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کا حق استعمال کریں تاکہ پالیسیوں کا تسلسل ممکن ہو سکے ،امن و امان ،انرجی بحران کے خاتمہ ،مستحکم معیشت اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے گذشتہ حکومت کے اقدامات اہم ثابت ہورہے ہیں ،امن و امان ، انرجی بحران کا خاتمہ اور مستحکم معیشت گذشتہ حکومت کے نئی حکومت کے لئے تحفے ہیں۔

دریں اثنا ء نگراں وزیر اعظم جسٹس ( ریٹائرڈ ) ناصر الملک نے گورنرہاؤس میں قائد اعظم روم کا دورہ بھی کیا اور بابائے قوم محمد علی جناح کے زیر استعمال اشیاء کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قائد اعظم کی اشیائ کی دیکھ بھال پر گورنرہاؤس کے عملہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اشیاء ہماری تاریخ کا اہم باب ہیں۔