چترال میں خواتین کو ہراساں کرنے والے نوجوان کا تعلق تحریک انصاف سے نکلا

ویڈیو بنانے والے نوجوان کا نام ایمل خان اور پشاور کے علاقہ متھرا کا رہائشی ہے، ایمل خان کا تعلق تحریک انصاف سے اور ایک سرگرم کارکن ہے

بدھ 20 جون 2018 23:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 20 جون 2018ء):چترال میں خواتین کو ہراساں کرنے والے نوجوان کا تعلق تحریک انصاف سے نکلا۔ ویڈیو بنانے والے نوجوان کا نام ایمل خان اور پشاور کے علاقہ متھرا کا رہائشی ہے۔ ایمل خان کا تعلق تحریک انصاف سے اور ایک سرگرم کارکن ہے۔تفصیلات کے مطابق چترال پاکستان کا مشہور و معروف سیاحتی خطہ ہے ۔

یہ خطہ نہ صرف اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث مشہور ہےبلکہ مخصوص ثقافت بھی اس خطے کے حسن کو چار چاند لگاتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح وادی چترال میں آتے ہیں۔باہر سے آنے والے سیاحوں کی وجہ سے کبھی کبھی مقامی افراد کو ہراسگی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔عموما ایسے واقعات میڈیا پر نہیں آتا لیکن ایسا ہی ایک واقعہ 2سال پہلے چترال میں وقوع پذیر ہوا جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ایک شخص نے زبردستی راستے سے گزرنے والی خواتین کی تصاویر اور فوٹیج بنانے کی کوشش کی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین کے انکار کے باوجود وہ شخص اُن کی ویڈیو اور تصاویر بنانے کی کوشش کرتا رہا۔ خواتین بچنے کے لیے تیز تیز چلتی رہیں اور چادر اور دوپٹے سے منہ چھپاتی رہیں لیکن وہ شخص ویڈیو بناتا رہا۔ ویڈیو بنانے والا شخص خود کو پولیس اہل کار اور پشاور کا رہائشی ظاہر کرتا رہا۔

چترال میں خواتین سے چھیڑچھاڑ اور بدتمیزی کی ویڈیو کے حوالے سے پولیس کا مؤقف ہے کہ یہ وڈیو 2 سال پرانی ہے اورکسی خاتون نے اس واقعے کے خلاف رپورٹ درج نہیں کرائی۔تاہم میڈیا پر خبر چلنے کے بعد چترال کی پولیس بھی متحرک ہو گئی اور انہوں نے ملزم کو اس کے کئیے کا مزہ چکھانے کے لیے ایف آئی اے اور سائبر کرائم ونگ سےبھی مدد کی درخواست کی۔تاہم اس سے پہلے کہ ملزم قانون کی گرفت میں آتا ،ملزم بھی پولیس اورمیڈیا کے خوف سےسامنےآگیا اورمعافی مانگ لی۔

تازہ ترین خبر کے مطابق ویڈیو بنانے والے نوجوان کا نام ایمل خان اور پشاور کے علاقہ متھرا کا رہائشی ہے، ایمل خان کا تعلق تحریک انصاف سے اور ایک سرگرم کارکن ہے۔ ویڈیو بنانے والے نوجوان ایمل خان نے بھی میڈیا سے رابطہ کیا اور کہا کہ یہ ویڈیو 2؍3 سال پرانی ہے اور اب وہ اپنے کئے پر نادم اور شرمندہ ہے۔