(ن) لیگ کا کوئی بھی ووٹر چوہدری نثار کو ووٹ نہیں دیگا ، کیا ایسے نادان شخص کو سیاست کرنے کا حق حاصل ہے ،چوہدری نثار سختی برداشت نہیں کرسکتے ، مشکل آئے تو وہ حیلے بہانے شروع کردیتے ہیں، نثار کو ووٹ ملے تو وہ پی ٹی آئی میں شامل ہونگے

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماسینیٹر پرویز رشید کا سابق وزیر داخلہ کے خطاب پر ردعمل

منگل 19 جون 2018 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کا کوئی بھی ووٹر چوہدری نثار کو ووٹ نہیں دے گا ، کیا ایسے نادان شخص کو سیاست کرنے کا حق حاصل ہے ،چوہدری نثار سختی برداشت نہیں کرسکتے ، مشکل آئے تو وہ حیلے بہانے شروع کردیتے ہیں، چوہدری نثار کو ووٹ ملے تو وہ تحریک انصاف میں شامل ہونگے، ۔

وہ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے چکری جلسے سے خطاب پر اپنا ردعمل ظاہر کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا ہمیں کسی کا خفہ نہیں جب کہ چوہدری نثار علی خان سختی برداشت نہیں کر سکتے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا کوئی بھی ووٹر چوہدری نثار کو ووٹ نہیں دے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کیا کہ نادان شخص کو سیاست کرنے کا حق حاصل ہے ۔

اگر نثار کو ووٹ ملے تو وہ پی ٹی آئی میں شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے ہمیشہ نواز شریف کو اپنا لیڈر تسلیم کیا اور ایک کارکن کی حیثیت سے کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کے لئے سب رہنمائوں ، کارکنوں نے انٹرویوز دیئے اور یہاں تک کہ پارٹی صدر شہباز شریف اور مریم نواز شریف نے بھی خود کو انٹرویو کے لئے پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب سختی آئے تو چوہدری نثار حیلے بہانے کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔ پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لئے امتحان کا وقت ہے چوہدری نثار گرم ہوا کے پرندے نہیں ہیں، انہوں نے منفی رویہ اختیار کیا ۔