چوہدری نثار ہی نے پرویز مشرف کو نواز شریف پر مسلط کیا ، سینئیر صحافی نے چوہدری نثار کی ٹھیک ٹھاک کلاس لے لی

ہر سال ایک ارب روپے ترقیاتی فنڈ لینے والےچوہدری نثار کھاتے بھی جارہے ہیں اور نواز شریف کے خلاف باتیں بھی کرتے جارہے ہیں،عارف نظامی

بدھ 20 جون 2018 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 20 جون 2018ء):چوہدری نثار کی نواز شریف مخالف مہم ، سینئیر صحافی نے چوہدری نثار کی ٹھیک ٹھاک کلاس لے لی۔معروف صحافی و سینئیر تجزیہ کار عارف نظامی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار ہی نے پرویز مشرف کو نواز شریف پر مسلط کیا ۔ ہر سال ایک ارب روپے ترقیاتی فنڈ لینے والےچوہدری نثار کھاتے بھی جارہے ہیں اور نواز شریف کے خلاف باتیں بھی کرتے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عارف نظامی نے چوہدری نثار کی حالیہ نواز شریف مخالف مہم پر سابق وزیر داخلہ کو کھری کھری سنا دیں۔عارف نظامی نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں چوہدری نثار کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کر رہے تھے۔اس موقع پر عارف نظامی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کا یہ کہنا کہ 21 لوگ کل ملا کے مسلم لیگ ن میں تھے اور اس میں سے انہوں نے نواز شریف کو چن کر ان پر احسان کیا اور اب نواز شریف چوہدری نثارکو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ چوہدری نثار بھی ان لوگوں میں سے ہیں جو کامیابی کا سہرا اپنے سر لینا جانتے ہیں ،انکا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں چوہدری نثار نے 5 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ لیا،انکا کہنا تھا کہ کیا اتنا فنڈ کسی اور ایم این اے کو بھی ملا ،یہ تو ویسے ہی ہے کہ کھاتے بھی جاو اور مخالفت میں باتیں بھی سناتے جاو۔انکا کہنا تھا کہ آپ کچھ کہنا بھی نہیں چاہتے اور نواز شریف کو باتیں بھی سنائی جاتے ہیں۔

نہ آپ مسلم لیگ ن کو چھوڑتے ہیں اور نہ پارٹی قیادت کے خلاف بات کرنے سے رکتے ہیں۔یہ تو بڑا عجیب سلسلہ ہے ۔انکا یہ بھی کہنا تھا کہ موٹروے کو صرف چکری سے گزارنے کے لیے 60 کلومیٹر کا زائد چکر لگوایا گیا اور اس چکر میں ہر اس شخص کا کتنا پیٹرول ضائع ہوتا ہے جو اسلام آباد اور لاہور کے لیے موٹروے کا استعمال کرتا ہے۔اس وقت چوہدری نثار لاڈلے تھے اور نواز شریف کو بھی اس بات پر اعتراض نہٰیں تھا ۔

اس وقت آپکو اصول یاد نہیں آئے ۔اصول کا پہلا اطلاق انسان کو اپنی ذات پر کرنا چاہیے۔اس کے علاوہ انہوں نے چوہدری نثار پر الزام عائد کیا کہ مشرف کو بطور آرمی چیف نواز شریف پر مسلط کرنے میں بھی چوہدری نثار ہی کا ہاتھ تھا۔انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے ساتھ چوہدری نثار کی بے تکلفانہ دوستی ہے اور چوہدری نثار شہباز شریف کی پہلی بیوی کی موجودگی میں انکے گھر رکا کرتے تھے اور جہاں ایسے تعلقات ہوں وہاں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے۔