شارجہ:خاتون ڈرائیور سے کار بے قابو ہو کر سٹور میں جا گھُسی

ایک افریقی خاتون ہلاک جبکہ دو خواتین شدید زخمی

بدھ 20 جون 2018 16:50

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 20 جون 2018ء)متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک خاتون کی جانب سے چلائی جانے والی کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سٹور میں جا گھُسی۔ تیز رفتار کار کی ٹکر کے باعث سٹور میں شاپنگ کی غرض سے آئی ایک ستائیس سالہ افریقی خاتون موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جبکہ وہاں موجود دو دیگر خواتین شدید زخمی ہو گئیں تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ شارجہ کے علاقے عروبہ سٹریٹ میں پیش آیا‘ جہاں ایک سٹور میں خواتین اور مرد حضرات شاپنگ کے لیے موجود تھے اور کسی ناگہانی سے بے خبر خوش و خُرم اشیاء کی خرید میں مصروف تھے۔

جب اچانک ایک تیز رفتار کار سٹور میں جا گھُسی اور وہاں موجود خواتین کو روند ڈالا۔

(جاری ہے)

جس کے باعث وہاں موجود ایک 27 سالہ افریقی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوراً ہلاک ہو گئی ‘ جب کہ ایک اُنیس سالہ عرب لڑکی کو بھی شدید چوٹیں آئیں جس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ کار کی ٹکر سے متاثر ہونے والی تیسری خاتون پینتیس سالہ عرب قومیت کی حامل تھی‘ جسے درمیانے درجے کی چوٹیں آئیں۔

حادثے کا باعث بننے والی کار کو ایک خاتون ڈرائیور کر رہی تھی۔ کار کی رفتار تیز ہونے کے باعث وہ اس پر قابو نہ رکھ سکی۔ اور کار اچانک سٹور کے باہر لگے پلاسٹک کے بیریئرز کو توڑتی ہوئی سٹور میں گھُس گئی اور شدید حادثے کا باعث بنی۔ زخمیوں کو شارجہ میں واقع کویت ہاسپٹل اور قاسمی ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے خاتون کے خلاف تیز رفتاری پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ جبکہ کار چلانے والی خاتون کا کہنا تھا کہ کار کی رفتار زیادہ تیز نہیں تھی۔ بس اچانک کار کا سٹیئرنگ اُس سے بے قابو ہو گیا۔ اور اس دوران اس کے اوسان خطا ہو گئے۔ جس کے باعث یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔