امریکی اقدام کا جواب، امریکی درآمدات کو محدود کر دیا جائے گا،روس

میکرو اکانومی پر منفی اثرات مرتب نہیں ہونگے،روسی وزیر اقتصادیات میکسیم اوریشکن

بدھ 20 جون 2018 18:10

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 20 جون 2018ء)روس کے وزیر اقتصادیات میکسیم اوریشکن نے کہا ہے کہ اضافی ٹیکسوں کی جوابی کارروائی میں امریکی درآمدات کو محدود کر دیا جائے گا،روس ورلڈ ٹریڈ اورگنائزیشن کی طرف سے دئیے گئے حقوق سے استفادہ کرے گا، حفاظتی تدابیر روس کی میکرو اکانومی کی ساخت پر کوئی منفی اثرات پیدا نہیں کریں گی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کے وزیر اقتصادیات میکسیم اوریشکن نے کہا ہے کہ درآمدی اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی ٹیکسوں کی وجہ سے ہم، امریکہ سے درآمد کی جانے والی مصنوعات کو محدود کر دیں گے۔میکسیم اوریشکن نے دارالحکومت ماسکو میں اخباری نمائندوں کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے اضافی ٹیکسوں کے ذریعے معاشی تحفظ کی تدابیر اختیار کرنا جاری رکھنے اور روس کے نقصان کی تلافی نہ کرنے کی وجہ سے ہم، ورلڈ ٹریڈ اورگنائزیشن WTO کی طرف سے ہمیں دئیے گئے حقوق سے استفادہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس دائرہ کار میں ایک مختصر مدت کے دوران امریکہ کے لئے چند حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا ذکر کرتے ہوئے اوریشکن نے کہا کہ امریکہ سے درآمد کی جانے والے ایسی مصنوعات کہ جن کی متبادل مصنوعات روس میں موجود ہیں ان کی درآمد کو محدود کر دیا جائے گا اور مذکورہ حفاظتی تدابیر روس کی میکرو اکانومی کی ساخت پر کوئی منفی اثرات پیدا نہیں کریں گی۔واضح رہے کہ امریکہ نے روس سمیت کثیر تعداد ممالک سے درآمد کی جانے والی اسٹیل اور ایلومینیم پر ترتیب کے ساتھ 25 فیصد اور 10 فیصد اضافی ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تھا۔روس نے گذشتہ ماہ WTO کو مطلع کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کے اضافی ڈیوٹی کے فیصلے کے جواب میں تقریبا 550 ملین ڈالر مالیت کی امریکی مصنوعات پر اضافی ڈیوٹی لگائے جا سکتے ہیں۔