جڑانوالہ،لاہور تا کراچی براستہ جڑانوالہ موٹروے 12کروڑ سے زائد کی ادائیگیاں نہ ہونے پر 40خاندان کے متاثرین کا سیدوالہ روڈ بلاک کرکے احتجاج

انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا

بدھ 20 جون 2018 22:30

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 20 جون 2018ء) لاہور تا کراچی براستہ جڑانوالہ موٹروے 12کروڑ سے زائد کی ادائیگیاں نہ ہونے پر 40خاندان کے متاثرین کا سیدوالہ روڈ بلاک کرکے احتجاج ۔ 60ایکڑ اراضی کی ادائیگیاں رک جانے کے باعث متاثرین کو مالی مشکلات کا سامنا ،انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور تا کراچی براستہ جڑانوالہ موٹر وے کے لیے مختص 60ایکڑ اراضی کے 40متاثرین چک نمبر 582، 147، 378گ ب حماند دا چک کے رہائشیوں نے 12کروڑ سے زائد کی ادائیگیاں نہ ہونے پر سید والہ روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے متعدد وعدوں کے باوجود تاحال ادائیگیاں نہ کی گئی ہیں جن کے باعث ان کا مالی استحصال ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

متعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود مقامی انتظامیہ طفل تسلیوں سے کام لے رہی ہے۔ لہذا حکام بالا از خودنوٹس لے کر ادائیگیاں یقینی بنائے روڈ بلاک کی اطلاع پر ایس ایچ او لنڈیانوالہ نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ بقیہ جات کی ادائیگیاں فوری کر دی جائیں گی جس پر مظاہرین منتشر ہو گئے ۔ اس حوالہ سے اسسٹنٹ کمشنر شہریار عارف نے اپنے موقف میں بتایا کہ میرٹ پر ادائیگیاں کی جا رہی ہیں بقیہ جات کی ادائیگیاں بھی فوری کر دی جائیں گی۔