پاکستان میں تیزی سے دریافت ہوتے ہوئے تیل و گیس کے ذخائر

پاکستان تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے والے 5 بڑے ممالک کی صف میں شامل ہو گیا

جمعرات 21 جون 2018 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 21 جون 2018ء):پاکستان میں تیزی سے دریافت ہوتے ہوئے تیل و گیس کے ذخائر پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
پاکستان تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے والے 5 بڑے ممالک کی صف میں شامل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قدرتی وسائل کی بھرمار ہے۔پاکستان میں موجود قدرتی وسائل کو اگر استعمال میں لایا جائے تو جلد ہی ہمارے ملک کی کایا بدل سکتی ہے۔

تھرپارکر میں موجود کوئلے ،بلوچستان میں ریکوڈک کے ذخائر اور ضلع اٹک میں تیل کے کنوئیں اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔پاکستان میں تیزی سے دریافت ہوتے ہوئے تیل و گیس کے ذخائر پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

(جاری ہے)

 گلوبل آئل اینڈ گیس ڈسکوریز ریویو 2017ء کی رپورٹ کے مطابق سال 2017ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران پاکستان نے تیل و گیس کے دو بڑے ذخائر دریافت کئے ہیں جبکہ سال کے آخری تین ماہ کے دوران تیل و گیس کے چار مزید نئے ذخائر دریافت کئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2017ء کی آخری سہ ماہی کے دوران روس نے سب سے زیادہ 10 ذخائر دریافت کئے تھے جبکہ آسٹریلیا نے 7، کولمبیا نے 4 جبکہ پاکستان اور برطانیہ نے تیل و گیس کے تین تین نئے ذخائر دریافت کئے ہیں۔ تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت سے گزشتہ سال 2017ء کے دوران پاکستان تیل و ذخائر کے نئے ذخائر تک رسائی حاصل کرنے والے پانچ بڑے ممالک کی صف میں شامل ہوگیا ہے۔ نئے ذخائر کی دریافت سے تیل و گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ سے درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کے ساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی مقامی طلب کو بھی پورا کرنے میں مدد ملے گی۔