بھارت کا خونی کھیل کشمیر میں ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے کو تیار

بھارت نے کشمیریوں کو کچلنے کے لیے نئے آپریشن کی تیاریاں شروع کر دیں

جمعرات 21 جون 2018 23:22

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 21 جون 2018ء):بھارت کا خونی کھیل کشمیر میں ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے کو تیارہے۔ بھارت نے کشمیریوں کو کچلنے کے لیے نئے آپریشن کی تیاریاں شروع کر دیں۔تفصیلات کے مطابق کشمیر میں بھارتی فوج کی ظلم و ستم کی داستانیں 7دہائیوں پر محیط ہیں ۔ان 70 سالوں میں بھارتی فوج نے بربریت کی وہ وہ داستانیں رقم کیں جن کو سن کر انسانیت کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔

ان 70سالوں میں وادی کشمیر کی آزادی کی تحریک بہت سے نشیب و فراز سے گزری تاہم کوئی بھی ظلم اور دباو کشمیری عوام کی اس جدوجہد کو دبا نہ سکا۔بھارت فوج نے ہر حربہ اپنا کر دیکھ لیا تا ہم اس حوالے سے انہیں ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی۔گزشتہ دو دہائیوں میں جتنا عروج تحریک آزادی کشمیر کو برہان وانی کی شہادت کے بعد ملا اسکی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

یہ تحریک اب ایک ایسا طوفان بن چکا ہے جس کو روکنا بھارتی فوج کے بس کا کھیل نہیں ہے۔

اس حوالے سے بھارت فوج کے اکثر افسران بھی حقیقت کا اعتراف کرتے نظر آتے ہیں تاہم بھارت اپنی ڈھٹائی اور اٹوٹ انگ کے راگ الاپنے سے باز نہیں آتا۔یہاں تک کہ بھارت کی یہ غیر انسانی ضد اب تک سینکڑوں کشمیریوں کی جان لے چکی ہے۔ھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کچلنے میں ناکامی کے بعد اب نئے آپریشن کی تیاری کررہی ہے جس کے تحت وادی میں نیشنل سیکیورٹی گارڈز کو تعینات کیا جائے گا جو بلیک کیٹس کے نام سے بھی مشہور ہیں۔

رپورٹس کے مطابق این ایس جی کی ایک ٹیم کو مقبوضہ وادی میں تعینات کردیا گیا ہے جہاں ان کی ٹریننگ چل رہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے استعفے کی بعد مقبوضہ وادی میں صدارتی راج نافذ کر دیا گیا تھا ایسا گزشتہ دس سالوں میں چوتھی بار ہوا ہے۔