مریم نواز2 حلقوں سے انتخابی میدان میں اتریں گی

پارلیمانی بورڈ نے مریم نواز کو این اے 127 اور پی پی 173 سے ٹکٹ جاری کردیا

جمعہ 22 جون 2018 23:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 22 جون 2018ء):مریم نواز2 حلقوں سے انتخابی میدان میں اتریں گی۔ پارلیمانی بورڈ نے مریم نواز کو این اے 127 اور پی پی 173 سے ٹکٹ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق 2018 الیکشن کا سال ہے۔ایک طرف سیاستدان اپنا سکہ جمانے کے لیے پرجوش ہیں تو دوسری جانب عوام بھی اپنے نئے نمائندوں کے چناو کو لے کر خاصے پر عزم دکھائی دیتے ہیں ۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف سیاسی پہلوانوں کو ٹکٹیں جاری کرنے اور انتخابی اکھاڑے میں اتارے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ایسے میں یہ بھی طے ہورہا ہے کہ کون سا بڑا سیاسی نام انتخابات میں کس کا سامنا کرے گا۔انتخابی امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جاچکے ہیں جس کے بعد جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

کچھ امیدواروں کو ہری جھنڈی دکھائی جاچکی ہے جبکہ کچھ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد اپیلوں کے مرحلے سے گزریں گے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن نے بھی غیر متنازعہ ٹکٹوں کا اعلان کردیا ہے۔ تازہ ترین خبر کے مطابق مریم نواز حلقوں سے انتخابی میدان میں اتریں گی۔پارلیمانی بورڈ نے ایک صوبائی اور ایک قومی حلقے سے مریم نواز کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔پارلیمانی بورڈ نے مریم نواز کو این اے 127 اور پی پی 173 سے ٹکٹ جاری کردیا۔یاد رہے کہ مسلم لیگ ن میں بھی ٹکٹوں کا تنازعہ شدت اختیار کر چکا ہے اور اس حوالے سے پارٹی قیادت کے خلاف بغاوت کا اندیشہ ہے۔اس ساری صورتحال کے بعد لیگی قیادت نے ٹکٹوں کی مرحلہ وار تقسیم کی منظوری دے دی ہے۔