سعودی عرب ، الدمام ڈرائیونگ اسکول میں 13 ہزار خواتین کا تربیت کے لیے اندراج

ڈرائیونگ ٹیسٹ میں فیل امیدواروں کوایک اورموقع دیاجائیگااورچارگھنٹے تک ٹریننگ کے بعد دوبارہ امتحان ہوگا

جمعہ 22 جون 2018 11:40

الدمام (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 22 جون 2018ء)سعودی عرب کے شہر الدمام میں واقع امام عبدالرحمان بن فیصل یونیورسٹی کے ڈرائیونگ اسکول سے اب تک 67 خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جار ی کیے جاچکے ہیں جبکہ اس اسکول میں ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے 13 ہزار خواتین نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اس اسکول سے سعودی خواتین کو چھے مراحل میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جارہے ہیں۔

ان میں ابتدائی رجسٹریشن ، اسکول کی ویب گاہ پر رجسٹریشن ، تربیتی پروگرام کے لیے اندراج ، نظری تربیت ، عملی تربیت اور محکمہ ٹریفک کو کار چلانے کا امتحان دینا شامل ہیں ۔اس امتحان میں کامیاب امیدوار وں کو لا ئسنس جاری کردیا جاتا ہے۔جامعہ امام عبدالرحمان بن فیصل کے کیمپس کی حدود ہی میں خواتین کو ڈرائیونگ کی نظری اور عملی تربیت دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

لائسنس کے حصول کے لیے درخواست دینے والی خواتین کی عمر 18 سال یا اس سے زاید ہونی چاہیے ۔ انھیں ایک ڈرائیونگ اسکول میں اپنے ناموں کے اندراج کے بعد تربیت کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔اس ڈرائیونگ اسکول میں جاری تربیتی پروگرام کا دورانیہ 27 گھنٹے کا ہے۔اس میں پانچ گھنٹے نظری تربیت ، دو گھنٹے ٹریفک تحفظ اور سکیورٹی قواعد وضوابط پر پریزینٹیشن اور 20 گھنٹے عملی تربیت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

درخواست گزار خواتین میں بیرون ملک سے لائسنس یافتگان بھی شامل ہیں ۔ وہ اپنے غیرملکی لائسنس کو سعودی لائسنس سے تبدیل کرنا چاہتی ہیں۔ایسی خواتین کو ڈرائیونگ ٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔جن خواتین کے غیر ملکی لائسنس کی میعاد ختم ہوچکی ہے،انھیں چھے گھنٹے کے تربیتی عمل سے گزرنا ہوگا ۔ اگر وہ ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرلیتی ہیں تو انھیں فوری طور پر ڈرائیونگ لائسنس جاری کردیا جائے گا۔امتحان میں ناکام رہنے والی خواتین کو ایک اور موقع دیا جائے گا۔ انھیں مزید چار گھنٹے تک تربیت دی جائے گی اور پھر ان سے ٹیسٹ لیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں لائسنس جاری کردیا جائے گا۔