نگران وزیر اعلی نے صوبے میں پولٹری کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا نوٹس لیا

صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنران کو پولٹری کی قیمتوں کے سلسلے میں عوامی ریلیف کیلئے نرخوں کی تازہ لسٹ جاری کرنے اور اُس پر بلاتاخیر عمل درآمد بھی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی

اتوار 24 جون 2018 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 24 جون 2018ء)خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے صوبے میں گزشتہ چند دنوں سے پولٹری کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا سختی سے نوٹس لیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ روزمرہ استعمال میں ہونے کی وجہ سے پولٹری کی قیمت میں ہوشر با اضافہ نے عوام الناس کی زندگی پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس کو فوری طورپرکنٹرول کرنا ناگزیر ہے ۔

انہوںنے عوام الناس کو فوری ریلیف دینے کیلئے متعلقہ حکام کو سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔ نگران وزیراعلیٰ کے نوٹس اور ہدایات کی روشنی میں صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنران کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولٹری کی قیمتوں کے سلسلے میں عوامی ریلیف کیلئے نرخوں کی تازہ لسٹ جاری کی جائے اور اُس پر بلاتاخیر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے میں پولٹری کی رسد و طلب میں توازن قائم کرنے ،غیرمحفوظ طریق ترسیل،بناوٹی سٹورج،ذخیرہ اندوزی اورغیرقانونی منافع خوری کوروکنے کیلئے محکمہ لائیوسٹاک کی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور پاکستان پروفیٹیرنگ اینڈ ہورڈنگ ایکٹ 1977کے تحت سوائے culled birds کے برائلر کی خیبرپختونخوا سے باہر نقل وحرکت کو روکا جائے ۔

انہوںنے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنر زمحکمہ پولیس اور محکمہ لائیوسٹا ک کے باہمی تعاون سے صوبے کے خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کریں اور پولٹری کی غیر قانونی نقل و حرکت کا انسداد یقینی بنائیں۔ دوست محمد خان نے آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر مذکورہ احکامات پر بہر صورت عمل درآمد یقینی بناکر رپورٹ پیش کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 کے تحت کاروائی کرنے کی بھی ہدایت کی