پی ٹی آئی خواتین بھی ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم پرباہرنکل آئیں

ملتان میں خواتین کارکنان کاشاہ محمود قریشی کی رہائشگاہ کےباہراحتجاجی مظاہرہ،خواتین کے2 گروپوں میں تصادم ،خواتین گتھم گتھا ہوگئیں،بعض کارکنان زخمی بھی ہوئیں،پولیس کی نفری نے خواتین کومنتشرکیا۔میڈیا رپورٹس

اتوار 24 جون 2018 18:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 24 جون 2018ء): تحریک انصاف کی خواتین بھی ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم پرباہر نکل آئی ہیں، ملتان میں پی ٹی آئی خواتین نے شاہ محمود قریشی کی رہائشگاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،اس موقع پرخواتین کے 2گروپوں میں جھگڑا بھی ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان میں تحریک انصاف کی خواتین کارکنان ٹکٹوں کی تقسیم کیخلاف میدان میں آگئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی رہائشگاہ کے باہر احتجاجی خواتین کے 2گروپوں میں تصادم بھی ہوا، اس موقع پرخواتین نے ایک دوسرے پرتھپڑوں ، ٹانگوں سے حملہ کردیا۔خواتین کارکنان ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہوگئیں۔شاہ محمود قریشی کی رہائش پرتعینات انتظامیہ نے پولیس کی نفری طلب کرلی۔

(جاری ہے)

جس پرپولیس نے خواتین کے احتجاج کو کنٹرول کیا۔

مارکٹائی کے دوران کچھ خواتین کارکنان زخمی بھی ہوگئیں، اسی طرح کراچی میں میں بھی تحریک انصاف کے رہنماء اسد امان نے ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کیخلاف احتجاج کیا۔اسد امان کا کہنا ہے کہ عارف علوی نے ٹکٹوں کی تقسیم میں اپنے قریبی لوگوں کونوازا ہے۔تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائشگاہ بنی گالہ میں بھی کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔

اسی طرح گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماء ولید اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سے متعلق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہا۔ مجھے تحریک انصاف کا چہرہ کہا جاتا رہا۔لاہور میں ٹکٹوں کی تقسیم پربہت زیادہ ناانصافی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کونظرانداز کیا گیا۔جن کارکنوں نے مصیبتیں جھیلیں ان کونظرانداز کیا گیا۔ہمارے کارکنان کا استحصال کیا گیا۔

پارلیمانی بورڈ سے لاہور کے ٹکٹوں کی تقسیم میں بہت زیادہ غلطیاں ہوئی ہیں۔تاہم پارٹی کارکنان نے اپنے اپنے طریقے سے اپنی شکایات درج کروائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مشکلات کا ادراک ہے۔عمران خان نے کہا کہ ساڑھے چار ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔عمران خان نے وعدہ کیا کہ وہ تمام درخواستوں کا دوبارہ خود جائزہ لیں گے۔عمران خان نے یقین دلایا کہ تمام ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پرکی جائے گی۔ولید اقبال نے کہا کہ ہم بھی انصاف کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ یہ میری ذات کا نہیں کارکنان کا مسئلہ ہے۔لاہور خاموش تھا،ب خاموش نہیں رہے گاعمران خان ہماری مشکلات پرغور کریں ۔