نعیم الحق کی گاڑی کو حادثہ کیوں پیش آیا؟ وجہ سامنے آ گئی

فون پر مصروف ہونے کے باعث گاڑی بیرئیر سے جا ٹکرائی ساتھ کھڑے دس کے قریب موٹر سائیکل ٹوٹ پھوٹ کا شکار،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

پیر 25 جون 2018 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 25 جون 2018ء)بنی گالہ سے جاتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کے ترجمان نعیم الحق کی گاڑی کو حادثہ، فون پر مصروف ہونے کے باعث نعیم الحق کی گاڑی بیرئیر سے جا ٹکرائی جس پر ساتھ کھڑے دس کے قریب موٹر سائیکل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ شام پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھی اور ان کے ترجمان نعیم الحق بنی گالہ سے جانے کیلئے روانہ ہو ئے تو اسی دوران انہیں ایک فون کال موصول ہوئی اور دوران ڈرائیونگ ہی انہوں نے فون پر بات کرنا شروع کر دی اور گاڑی کی سپیڈ زیادہ ہونے پر گاڑی بے قابو ہو گئی اور روڈ پر کھڑے موٹرسائیکلوں کو کچلتے ہوئے بیریئر سے جا ٹکرائی حادثہ سے دس کے قریب موٹر سائیکل ناکارہ ہو گئے تاہم کسی جانی نقصان سے محفوظ رہے ۔

(جاری ہے)

موقع پر نعیم الحق نے موقف اپنایا کہ گاڑی کی بریک فیل ہو گئی تھی جسکی وجہ سے گاڑی کو حادثہ پیش آیا تاہم حیرت انگیز طور پر اسی وقت نعیم الحق گاڑی پر روانہ ہو گئے اور ان کی بریک نے کام کرنا بھی شروع کر دیا ۔اس ھوالے سے جب بنی گالہ پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وقوعہ ہوا ہے تاہم ہمارے پاس ایسی کوئی درخواست نہیں آئی درخواست آنے پر ہی ضابطے کی کاروائی کی جائے گی ۔