زلفی بخاری نیب میں پیش، چھ گھنٹے تک پوچھ گچھ

سوالات کے جوابات کیلئے 2 ہفتے کا وقت مانگ لیا ، نیب نے ایک ہفتے کا وقت دیدیا مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے،ایف آئی اے سے پوچھا جائے کہ میرا نام کیوں ڈالا زلفی بخاری کی میڈیا سے گفتگو

پیر 25 جون 2018 23:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 25 جون 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر نیب راولپنڈی آفس میں پیش ہوئے جس پر نیب نے سوالات کے جوابات کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیدیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری نیب راولپنڈی کے آفس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے، ٹیم نے زلفی بخاری سے 6آف شور کمپنیوں سے متعلق ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور سوال نامہ ان کے حوالے کیا۔

سوالنامے میں زلفی بخاری سے آف شور کمپنیوں کے ذرائع آمدن پوچھے گئے، آف شور کمپنیاں کیسے بنائی گئی، فنڈز کہاں سے لائے گئے زلفی بخاری نے جواب دینے کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگا مگر نیب نے ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہاکہ بلیک لسٹ کا کوئی قانون موجود نہیں، مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے۔ ایف آئی اے سے پوچھا جائے کہ انہوں نے میرا نام کیوں ڈالا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی 6آف شور کمپنیاں تھیں جس کے حوالے سے نیب کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہے تاہم مجھ پر کرپشن کا الزام غلط ہے ،میں نے نیب کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کیا ہے۔