مسلم لیگ ن کی قیادت نے مرکزی انجمن تاجران کے صدر اور امیدوار pp16 شاہد غفور پراچہ کو منا لیا

پیر 25 جون 2018 22:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 25 جون 2018ء)مسلم لیگ ن کی قیادت نے مرکزی انجمن تاجران کے صدر اور امیدوار pp16 شاہد غفور پراچہ کو ان کے دفتر جا کر منا لیا تفصیلات کے مطابق شاہد غفور پراچہ جو کہ امیدوار pp16 تھے کی بجائے شیخ ارسلان کو ن لیگ کا ٹکٹ دیا گیا جس کی وجہ سے تاجروں میں غم و غصہ تھا اور شاہد غفور پراچہ بھی ناراض تھے ، مسلم لیگ ن کے وفد نے چوہدری تنویر کی قیادت میں ان کے دفتر جا کر منایا۔

وفد میں چوہدری تنویر،مئیر سردار نسیم،طاہرہ اورنگزیب،شکیل اعوان،دانیال چوہدری،شیخ ارسلان،سیما جیلانی،تحسین فواد اور زیب النساء شامل تھے جبکہ اس موقع پر شاہد غفور پراچہ کے دفتر میں مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری راجہ توحید،سینئیر نائب صدور،طارق جدون،نعیم سیٹھی نائب صدور،شیخ عابد،زبیر بٹ،شیخ عمران،عبدالوحید پراچہ ،ساجد بٹ،رانا خرم،شیخ اظہر اور انجمن تاجران کینٹ کے صدر شیخ حفیظ سمیت مرکزی انجمن تاجران کے تمام عہدیداران موجود تھے۔

(جاری ہے)

چوہدری تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہد غفور پراچہ جیسے رہنما مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں انکی تاجر برادری کے ساتھ ساتھ پارٹی کے لیے خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔ ان کی انتھک شخصیت اور کردار لائق تحسین ہے ۔ اور وہ راولپنڈی کے ماتھے کا جھومر ہیں ان شا اللہ آئندہ تاجر نمائندوں کو بھر پور نمائندگی دی جائے گی ۔ اس موقع پر تاجر عہدیداران نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شاہد غفور پراچہ کو ٹکٹ نہ دے کر مسلم لیگ ن نے تاجر برادری کے ساتھ نا انصافی کی ہے لیکن اگر آج تاجر برادری مسلم ن کے ساتھ کھڑی ہے تو یہ بھی شاہد غفور پراچہ ہی کی وجہ سے ہے کہ ان جیسی شخصیت ن لیگ کے ساتھ ہے۔

شاہد غفور پراچہ نے چوہدری تنویر اور وفد کا آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاجر کسی بھی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں لیکن مسلم لیگ ن کا بھر پور ساتھ دینے کے باوجود ہمیشہ پارٹی نے تاجروں کو نمائندگی دینے کے معاملے میں بہتر کردار ادا نہیں کیا ہے ۔آج تمام معززین کی آمد کی وجہ سے میں ایک مرتبہ پھر قربانی دے رہا ہوں اور اعلان کرتا ہوں کہ پوری راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے تمام امیدواران کی بھر پور سپورٹ کی جائے گی اور ہم تن من دھن کے ساتھ انکی کمپین بھی چلائیں گے۔اس اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کے وفد نے شاہد غفور پراچہ کا شکریہ ادا کیا اور آخر میں دعائے خیر کی گئی