بھارت، بڑے بھائی کو گردہ عطیہ کرنے کے لئے چھوٹے کی خود کشی

پیر 25 جون 2018 14:06

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 25 جون 2018ء) بھارت میں 19سالہ طالب علم نے بڑے بھائی کی زندگی بچانے کے لئے ہاسٹل کے کمرے میں پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست گجرات کے علاقے بڈودرا میں 19سالہ طالب علم نے بڑے بھائی کی زندگی بچانے کے لئے ہاسٹل کے کمرے کی چھت سے گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق خود کشی کرنے والے طالب علم کا نام نیتک کمارہے جو ورناما کے نجی انجینیئرنگ کالج میں زیر تعلیم تھا۔ اس کا بڑا بھائی کنش گردے کے عارضے میں مبتلا تھا۔ ڈاکٹروں نے مشورہ دیا تھا کہ اسے گردہ تبدیل کرانا پڑے گا۔چھوٹے بھائی کو جب اس کا علم ہوا تو اس نے بھائی کو گردہ عطیہ کرنے کے لئے خود کشی کرلی۔اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور طالب علم کے کمرے کی تلاشی لی تو وہاں سے ایک تحریر برآمد کی جس میں لکھا تھا کہ وہ اپنے بھائی کی مدد کے لئے خودکشی کررہا ہے۔ بھائی کی خود کشی کے باوجود بروقت اعضا کی پیوندکاری نہ ہونے سے آپریشن کامیاب نہ ہوسکا۔