پابندی کے باوجود 79% ایرانی شہری ٹیلی گرام استعمال کر رہے ہیں،سروے میں انکشاف

ٹیلی گرام پر پابندی کے بعد دو ماہ سے بھی کم عرصے میں انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد دو گنا ہو گئی،رپورٹ

پیر 25 جون 2018 15:30

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 25 جون 2018ء)ایرانی حکام کی جانب سے سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام پر پابندی کے اعلان کے باوجود ابھی تک 79% ایرانی صارفین پروکسی پروگرامز کے ذریعے اس ایپلی کیشن کا استعمال کر رہے ہیں۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق اس بات کا انکشاف ایرانی طلبہ کے سروے مرکز کی جانب سے سروے کے نتیجے میں ہوا۔

(جاری ہے)

سروے میں ملک بھر کے صوبوں کے صدر مقامات اور بڑے شہروں میں رہنے والے افراد میں سے 18 برس سے زیادہ عمر کے 4439 افراد کو شامل کیا گیا۔سروے میں شریک افراد میں سے 62% کا کہنا تھا کہ انہوں پابندی لگنے سے قبل اپریل میں ٹیلی گرام کا استعمال کیا تھا۔ سروے کے مطابق پابندی سے قبل ٹیلی گرام کا استعمال کرنے والے صارفین میں سے 79% نے پابندی لگنے کے بعد بھی اس کا استعمال جاری رکھا۔دوسری جانب ٹیلی گرام پر پابندی لگنے کے بعد تقریبا دو ماہ سے بھی کم عرصے میں انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد دو گنا ہو گئی۔سروے میں بتایا گیا کہ انسٹاگرام کا استعمال کرنے والے 54% ایرانی صارفین کی عمر 18 سے 29 برس ہے۔