انٹرپول کے ذریعے گرفتاریوں کی کوئی حیثیت نہیں، نیب شوق پورا کرکے دیکھ لے-حسین نواز

نوازشریف نے نون لیگی امیدواروں کے خلاف نیب کارروائیوں پر سخت احتجاج کی حکمت اپنانے کی ہداہت کردی-ذرائع

منگل 26 جون 2018 18:04

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء)سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ برطانوی میڈیاکے ذریعے سامنے آنے والی پراپرٹیز شریف فیملی کی ملکیت نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں حسین نواز نے کہا کہ برطانوی اخبار کے دعوے کا جواب مناسب فورم پر دیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی اخبار کے ذریعے سے سامنے آنے والی تمام پراپرٹیز کا کاروبار حسن نواز نے کیا تھا،اب وہ ان کی ملکیت نہیں ہیں۔حسین نواز نے یہ بھی کہا کہ نیب کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاریوں کی بات کی کوئی حیثیت نہیں، برطانیہ میں قانون کی حکمرانی ہے،یہاں غیرقانونی اقدامات ممکن نہیں،نیب انٹرپول کے ذریعے جوکرناچاہتا ہے کرلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ والدہ کی حالت پہلے سے زیادہ تشویشناک ہے، ڈاکٹروں نے بےہوشی کی دوابڑھا دی ہے،آج وینٹی لیٹر ہٹانے کا فیصلہ بھی موخر کردیا گیا ہے۔نجی ٹی وی نے یہ بھی کہا ہے کہ نوازشریف نے نون لیگی امیدواروں کے خلاف نیب کارروائیوں پر سخت احتجاج کی حکمت اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے پارٹی راہنماﺅں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے لندن سے ٹیلی فون پر نون لیگی راہنماﺅں سے رابطہ کیا اور پارٹی امیدواروں کیخلاف نیب کی کارروائیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

نوازشریف نے شہباز شریف سے بھی فون پر بات چیت اور انتخابی مہم سے متعلق گفتگو بھی کی۔سابق وزیراعظم اہلیہ کی عیادت کے لئے لندن موجود ہیں ،آج ڈاکٹرز انہیں بیگم کلثوم نواز کی طبیعت کے حوالے سے بریفننگ دیں گے۔واضح رہے کہ دودن پہلے برطانوی جریدے نے شریف خاندان کی برطانیہ میں اربوں روپے کی جائیدادوں کی تفصیلات شائع کی تھیں اگرچہ حسین نواز نے جریدے کی خبر کی تردید پاکستانی میڈیا کے لیے کردی ہے مگر جریدے کے خلاف کسی قسم کی قانونی کاروائی کا اشارہ نہیں دیا-دوسری جانب نیب کے ذرائع کے حوالے سے اسحاق ڈار ‘سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوںحسن اور حسین نواز کو پاکستان لانے کے لیے انٹرپول کی مدد حاصل کرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں-