این اے 59: سینئرامیدوارچوہدری نثار کا مقابلہ اب بچوں سے ہوگا

نیب میں قمراسلام کی گرفتاری کے بعد 12سالہ بیٹے سالار اور بیٹی اسوہ السلام کا انتخابی مہم چلانے کا اعلان، انجینئرقمرالسلام حلقے کی مقبول سیاسی شخصیت ہیں، الیکشن 2013ء میں بطور ایم پی اے پنجاب میں لیڈحاصل کی تھی،میڈیا رپورٹس

منگل 26 جون 2018 19:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء): نیب میں گرفتارمسلم لیگ ن کے انتخابی امیدوار قمر السلام کی بیٹی اسوہ اسلام نے والدکی انتخابی مہم چلانے کا اعلان کردیا ہے،قوم کی ہربیٹی اب مریم نواز کی طرح اپنے باپ کی طاقت بن چکی ہے، اس سے قبل 12سالہ بیٹے سالارسلام نے انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا تھا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں این اے 59 میں مسلم لیگ ن کے امیدوارقمر السلام کونیب نے گرفتار کرلیا ہے،انجینئر قمر سلام مسلم لیگ ن کی جانب سے آزاد امیدوار چوہدری نثار کے مدمقابل امیدوار تھے۔تاہم قمر سلام کی گرفتاری کے بعد چوہدری نثار کیلئے انتخابی میدان میں ان کے بیٹے نے بڑی مشکل کھڑی کردی ہے۔قمر السلام کے 12 سالہ بیٹے سالار نے اعلان کیا ہے کہ چوہدری نثار کے مقابلے میں اپنے والد کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ویڈیوبیان میں کہا کہ کل صبح 10 بجے میں راولپنڈی کچہری میں اپنے والد قمر السلام کے ٹکٹ جمع کرواؤں گا۔ آپ سب سے درخواست ہے کہ آپ سب میری طاقت بنیں اور کل پنڈی کچہری پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم الیکشن ہرحال میں جیتیں گے۔ بیٹے کے بعد اب بیٹی بھی والد کی طاقت بن گئی ہے۔ بیٹی اسوہ اسلام نے اعلان کیا کہ وہ اپنے والد کی بھرپورانتخابی مہم چلائیں گی۔

واضح رہے انجینئرقمرالسلام اپنے حلقے کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ انہوں نے بطور رکن پنجاب اسمبلی پنجاب بھر میں ووٹوں میں لیڈ لی تھی۔حلقے کے مقبول ترین رہنماء انجینئرقمرالسلام کونیب نے اس سے پہلے کبھی نوٹس بھیجا نہ ہی طلب کرکے شامل تفتیش کیا۔لیکن اب انہیں اچانک بلا کرگرفتار کرلیا ۔ واضح رہے نیب لاہور کی ٹیم نے سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں این اے 59سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر انجینئر قمر الاسلام راجہ کو راولپنڈی سے گرفتار کیا۔

ان پر صاف پانی کمپنی کے سکینڈل میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا الزام ہے نیب نے ان سے کرپشن سکینڈل میں پوچھ گچھ کرے گی۔ انجینئر قمر الاسلام مسلم لیگ (ن) کے سابق دور میں بھی ایم پی اے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب نے کمپنی کے سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) وسیم افضل کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ واضع رہے کہ قمر الاسلام اور وسیم اجمل نے مہنگے داموں فلٹریشن پلانٹس لگانے کی منظوری دی ،قمر الاسلام صاف پانی کمپنی میں پروکیورمنٹ کمیٹی کے سربراہ تھے، ذرائع کے مطابق قمرالاسلام صاف پانی کمپنی کے بورڈز آف ڈائریکٹرز میں شامل تھے ، ذرائع کے مطابق قمرالاسلام پر کرپشن کے کافی الزامات تھے اور گذشتہ دور حکومت میں چوہدری نثار علی خان نے ان کو بطور ایم پی اے فنڈز کے اجراء کی بھی مخالفت کی تھی۔

قمرالاسلام کے خلاف کیس میں پہلے سے بھی انکوائری چل رہی تھی۔ دوسری جانب نیب نے کہا ہے کہ ملزم انجینئر قمر اسلام راجہ پر 84واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طورپر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔ تاہم نیب نے قمر اسلام راجہ کوعدالت میں پیش کیا عدالت نے 14روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔