دمشق میں حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں پر اسرائیل کا میزائل حملہ

ہوائی اڈے کے نزدیک لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ہتھیاروں کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا،شامی آبزرویٹری

منگل 26 جون 2018 15:59

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء)شام کے دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک دو اسرائیلی میزائل گرے۔تاہم نشانہ بنائے جانے والے مقام اور کسی بھی جانی یا مادی نقصان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد السوری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایاکہ دونوں اسرائیلی میزائلوں کے ذریعے ہوائی اڈے کے نزدیک لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ہتھیاروں کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

رامی کے مطابق حملے کے نتیجے میں کوئی زوردار دھماکہ نہیں ہوا۔اس سے قبل 10 مئی کو اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ اسرائیل نے شام میں ایران کے درجنوں اہداف پر حملہ کیا ہے اور یہ کارروائیاں مقبوضہ گولان میں اسرائیلی فوجی اڈوں کو میزائلوں کا نشانہ بنائے جانے کے جواب میں کی گئیں۔ ان میزائل حملوں کی کمان ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے ہاتھ میں رہی۔بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ اسرائیل نے شام کی طیارہ شکن میزائلوں کی پانچ بیٹریز کو بھی بم باری کا نشانہ بنایا جن کے ذریعے اسرائیلی طیاروں پر فائرنگ کی گئی تھی۔اسرائیل کے مطابق اس نے روس کو ان فضائی حملوں سے آگاہ کر دیا تھا۔