افغانستان کے شمالی مشرقی صوبے نورستان میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک

منگل 26 جون 2018 23:03

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء)افغانستان کے شمالی مشرقی صوبے نورستان میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔صوبائی گورنر نورستان حافظ عبدالقیوم کے مطابق امریکی ڈرون حملہ ضلع ویگال میں رات گئے اس وقت کیا گیا جب اہلِ علاقہ اور طالبان گزشتہ روز حملے میں زخمی ہونے والے ایک فرد کی عیادت کے لیے اس کے گھر پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈرون طیارے نے اس گھر کو نشانہ بناتے ہوئے ایک میزائل داغ دیا جس کے نتیجے میں 6 شہریوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع یا افغانستان میں موجود امریکی فوج نے تازہ ڈرون حملے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔قبل ازیں فرح صوبے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے افغان خفیہ ایجنسی کے افسر کو قتل کردیا۔ ترجمان صوبائی گورنر محمد نصیر مہری نے بتایا کہ مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد جائے وقوع سے فرار ہوگئے تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔