روہنگیا مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والا برمی فوج کا جنرل برطرف

منگل 26 جون 2018 23:32

ینگون (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء)یورپی یونین کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم میں ملوث برمی افسران کے خلاف پابندیوں کے فوری بعد میانمار کی فوج نے مظالم میں ملوث جنرل کو نوکری سے برطرف کر دیا۔برمی افواج نے گزشتہ برس ریاست راکھائن سمیت پورے میانمار میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی آڑ میں درجنوں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کیا، خواتین کے ساتھ عصمت دری کی، سینکڑوں مسلمانوں کے گھر جلا دیے اور انہیں ملک سے نکلنے پر مجبور کیا۔

یورپی یونین کی جانب سے گزشتہ روز میانمار کی ریاست راکھائن میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم میں ملوث 7 اعلی فوجی و پولیس افسران پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

جن افسران پر پابندی عائد کی گئی ہے وہ یورپ سفر بھی نہیں کر سکتے اور ان کے اثاثے بھی منجمد کیے جائیں گے۔میانمار کی فوج کے جن اعلیٰ افسران پر پابندیاں عائد کی گئیں ان میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف آپریشن کا سربراہ جنرل ماؤنگ ماؤنگ سو بھی شامل تھا ،ْان پابندیوں کے فوری بعد میانمار کی فوج نے جنرل ماؤنگ ماؤنگ سو کو نوکری سے برطرف کر دیا۔خیال رہے کہ میانمار کی فوج کے مظالم سے بچنے کے لیے تقریباً 7 لاکھ روہنگیا بنگلہ دیش کے کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔