حب ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد ضلع غربی اور وسطی میں پانی بحران شدت اختیار کرنے لگا

عوام مہنگے داموں میں ٹینکر مافیا سے پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے،پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ،ایم ڈی واٹربورڈ

منگل 26 جون 2018 16:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء) کراچی کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد ضلع غربی اور وسطی میں پانی بحران شدت اختیار کرنے لگا ہے۔ حب ڈیم میں پانی کی کمی سے کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے ہیں۔دوسری جانب حب ڈیم سے شہر قائد کو پانی کی فراہمی محدود کردی گئی ہے، اب حب ڈیم سے کراچی کو ہفتے میں تین سے چار روز ہی پانی مہیا کیا جائے گا، جس کے باعث عوام مہنگے داموں میں ٹینکر مافیا سے پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے۔

واٹر بورڈ نے دعوی کیا ہے کہ شہر قائدکو متبادل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامات کیے جارہے ہیں، شہر کے متاثرہ حصے کو کے 3سے پانی فراہم کیا جائے گا تاہم عوام واٹر بورڈ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے زیادہ پر امید نہیں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پانی بحران کا شکار شہر قائد کے باسی مزید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ حب ڈیم میں پانی کی سطح 276 فٹ رہ گئی ہے جس کے باعث شہر کو مزید ایک اور دن پانی فراہم کیا جا سکے گا اور ایک دن بعد شہر قائد کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی بند ہوجائیگی۔واٹر بورڈ نے پانی کی فراہمی بحال رکھنے کے لیے نہ ہی متبادل پلان بنایا ہے اور نہ ہی حب ڈیم سے پانی نکالنے کے لیے موٹر لگائی ہے۔ حب ڈیم میں پانی کی یہی صورتضال رہی تو اورنگی ٹائون، بلدیہ ٹان، سرجانی ٹان، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :