پیر کو بجلی کی مجموعی طلب 23055 میگاواٹ تک ریکارڈ کی گئی،دستیابی 22 ہزار 700 میگاواٹ تھی، 355 میگاواٹ کا شارٹ فال رہا،ترجمان پاور ڈویژن کی طلب اور رسد کے حوالے سے وضاحت

منگل 26 جون 2018 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 26 جون 2018ء) پاور ڈویژن کے ترجمان نے ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کے حوالے سے بعض اخبارات میں شائع خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر کو بجلی کی مجموعی طلب 23055 میگاواٹ تک ریکارڈ کی گئی جبکہ دستیابی 22 ہزار 700 میگاواٹ تھی اس طرح 355 میگاواٹ کا شارٹ فال رہا۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے اپنے زیادہ نقصان والے فیڈرز پر نقصانات کو کم کرنے کیلئے 11 کے وی فیڈرز لیول کے مطابق دستیاب پیداوار حاصل کی۔

ترجمان کے مطابق ملک کے بعض علاقوں میں جہاں بجلی چوری زیادہ ہے اور بجلی کی تقسیم کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے وہاں شیڈول کے مطابق اور اعلانیہ لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے، تقسیم کار کمپنیوں کو ان کی طلب کے مطابق بجلی مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز مختلف ڈسکوز کو 19 ہزار 640 میگاواٹ کی طلب تھی جبکہ انہیں 18 ہزار 497 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی۔ آئیسکو کی طلب 1861 میگاواٹ ، گیپکو کو 1773 میگاواٹ، پیسکو کو 2852 میگاواٹ، فیسکو کو 2227 میگاواٹ، ٹیسکو کو 185 میگاواٹ، لیسکو کو 3807 میگاواٹ، میپکو کو 2861 میگاواٹ، سیپکو کو 1224 میگاواٹ، ہیسکو کو 1028 میگاواٹ، کیسکو کو 1172 میگاواٹ اور کے ای کو 650 میگاواٹ بجلی کی ڈیمانڈ تھی جبکہ انہیں بالترتیب 1898، 1850، 2182، 2200، 170، 3747 ، 3150، 800، 950، 900 اور 650 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی۔

بیان کے مطابق پیر کو بجلی کی طلب 25044 میگاواٹ تھی، نہ ہی بجلی کی پیداوار 15766 میگاواٹ تھی، جیسا کہ میڈیا کے بعض حصے میں رپورٹ کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاور ڈویژن سے بجلی کی طلب اور رسد کا درست ڈیٹا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :