مسلح افواج کا دیامربھاشا اور مہند ڈیمز کیلئے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان

پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران دو دن کی تنخواہ دیں گے ،ْ سپاہی ایک دن کی تنخواہ دیں گے ،ْ ڈی جی آئی آیس پی آر میجر جنرل آصف غفور

پیر 9 جولائی 2018 18:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 9 جولائی 2018ء)تینوں مسلح افواج کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دے رکھا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس نے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی کہ چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کیلئے دس لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ دیامربھاشا اورمہمند ڈیمز کیلئے مسلح افواج کے افسران دو دن کی تنخواہ دیں گے۔آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران دو دن کی تنخواہ دیں گے جب کہ سپاہی ایک دن کی تنخواہ دیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج نے بحیثیت ادارہ یہ قدم اٹھایا ہے۔میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ کے ساتھ ’ڈیمز پاکستان کیلئے‘ کا بھی نعرہ لگایا۔