اسکاٹ لینڈ یارڈ کا ایون فیلڈ پارٹمنٹس پرحملےکی تحقیقات کاآغاز

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کیمرہ فوٹیج بھی حاصل کرلی، شریف خاندان کے 3 افراد کے بیانات بھی قلمبند کرلیے۔میڈیا رپورٹس

پیر 9 جولائی 2018 20:12

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 9 جولائی 2018ء): اسکاٹ لینڈ یارڈ نے لندن میں ایون فیلڈ پارٹمنٹس پرحملے کی تحقیقات شروع کردیں،اسکاٹ لینڈ یارڈنے کیمرہ فوٹیج بھی حاصل کرلی، شریف خاندان کے 3 افراد کے بیانات بھی قلمبند کرلیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پرچندافراد نے حملہ کردیا، مشتعل افراد نے دروازے پرٹھڈے بھی مارے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔

اس موقع پرایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے صاحبزادے حسن نوازبھی موجود تھے۔تاہم اس موقع پرن لیگی کارکنان بھی پہنچ گئے۔مشتعل اور شرپسند عناصر نعرے بازی کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے۔اسکاٹ لینڈ یارڈ نے واقعے کے بعد شریف خاندان کے 3افراد کے بیانات قلمبند کرلیے۔

(جاری ہے)

اسکاٹ لینڈ پولیس نے شریف فیملی سے کیمرہ فوٹیج اور واقعات کی تفصیلات بھی لے لی ہیں۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر ہنگامہ آرائی کی شکایت ملی۔پولیس کوکسی فرد کیخلاف درخواست نہیں دی گئی۔ متاثرہ فریق کی جانب سے کسی فرد کی نشاندہی نہ کرنے پرکوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔ن لیگ کی رہنماء مریم نواز نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر پرحملہ عمران خان کی تربیت اور ان کی زبان کے استعمال سے ہوا۔

کل کا واقعہ بتا رہا ہے کہ کچھ لوگوں کی تربیت میں کمی رہ گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہادری کبھی مایوس نہیں کرتی۔مسلم لیگ ن کے کارکن اپنے لیڈر سے بھی زیادہ پرجوش ہیں۔ ہزاروں کارکنوں کوکیسے گرفتار کیا جاسکتاہے؟ واضح رہے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کوایون فیلڈ ریفرنس میں 10قید ،8 ملین پاؤنڈ جرمانہ،مریم نواز کو7سال قید،2 ملین جرمانہ اور کیپٹن صفدر کوایک سال قید کی سزا سنارکھی ہے۔

تاہم نیب نے گزشتہ روز ن لیگی رہنماء اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ر صفدر کوگرفتارکرلیا ہے۔جبکہ نوازشریف اور مریم نوازکے لندن میں مقیم ہونے کے باعث ان گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ۔اسی طرح مریم نواز نے کہا کہ میں اور سابق وزیراعظم نوازشریف 13جولائی بروز جمعہ کووطن واپس آرہے ہیں۔نوازشریف نجی ایئرلائن کی پروازای وائی 243 سے لاہور ایئرپورٹ پرشام سواچھ بجے اتریں گے۔دوسری جانب نیب نے بھی نوازشریف اور مریم نوازکی گرفتاری کی بھرپور تیاری کرلی ہے۔