ْکیپٹن ریٹائرڈ صفدر پناہ دینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی،نیب ذرائع

پیر 9 جولائی 2018 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 9 جولائی 2018ء)سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جن لوگوں نے پناہ دی ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ ہمارے پاس جو ویڈیو ریکارڈنگ ہے اس میں مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر چوہدری تنویر،دانیال تنویر،حنیف عباسی اور شکیل اعوان کے ساتھ ملک ابرار نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پناہ دی۔

(جاری ہے)

قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ عدالتوں سے سزا یافتہ شخص کو پناہ دی جائے،قانون کے مطابق ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔8جولائی کو کیپٹن صفدر مانسہرہ سے راولپنڈی آئے اور انہوں نے گرفتاری سے پہلے ایک ریلی کی قیادت کی تھی۔وہ گرفتاری دینے کی بجائے سیاسی جلسے کرتے رہے اورراولپنڈی ن لیگ کی مقامی قیادت ان کے ساتھ ساتھ تھی۔نیب بہت جلد قانون کے مطابق ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔